زرداری اور فریال تالپور بینکنگ کورٹ میں پیش

زرداری اور فریال تالپور بینکنگ کورٹ میں پیش
کیپشن: فاضل جج کی رخصت کے باعث سماعت 13 نومبر تک کے لیے ملتوی کر دی گئی۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

کراچی: منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری، ان کی بہن فریال تالپور اور مقدمے میں نامزد اومنی گروپ کے مالک انور مجید کے تینوں بیٹے بینکنگ کورٹ میں پیش ہو گئے۔

ملزمان کے خلاف بوگس اکاؤنٹ کے ذریعے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔ سابق صدر آصف علی زرداری، فریال تالپور، انور مجید کے تینوں صاحبزادوں، ذوالقرنین، علی مجید اور نمر مجید نے عدالت سے ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔

آج سماعت کے لیے تمام ملزمان پیش ہوئے تاہم فاضل جج کی رخصت کے باعث سماعت 13 نومبر تک کے لیے ملتوی کر دی گئی۔

25 ستمبر کو ہونے والی گزشتہ سماعت پر منی لانڈرنگ اسکینڈل میں ضمانت پر رہا سابق صدر آصف زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور، انور مجید اور دیگر ملزمان کراچی بینکنگ کورٹ میں پیش ہوئے۔