عوام نے ضمنی انتخابات سے پی ٹی آئی حکومت کا احتساب شروع کر دیا ، حمزہ شہباز

عوام نے ضمنی انتخابات سے پی ٹی آئی حکومت کا احتساب شروع کر دیا ، حمزہ شہباز
کیپشن: فوٹو سوشل میڈیا

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ عوام نے ضمنی الیکشن سے نیازی صاحب کا احتساب شروع کردیا ہے۔

لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ عوامی عدالت میں سرخرو ہوئے اور ضمنی الیکشن میں کامیابی حاصل کی۔انہوں نے کہا 71 سالہ ملکی تاریخ میں ایسا نہیں ہوا کہ ڈیڑھ مہینے بعد حکومت ضمنی الیکشن ہار جائے۔حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ ڈالر کے ساتھ مذاق کیا جارہا ہے ،اسٹاک مارکیٹ گرگئی ،ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑی نہیں کھلنڈروں کی جماعت ہے جو بجلی اور گیس کی قیمتیں بڑھارہے ہیں۔

شہباز شریف کے صاحبزادے کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو دوبارہ 14 روز کا ریمانڈ دے دیا ہے یہ کیا مذاق ہے،ایک آدمی جس نے دس سال عوام کی خدمت اس کو دھر لیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو قبضہ گروپ علیم خان اور عثمان بزدار نظر نہیں آتے، عوام کو حکومت میں آنے کے بعد عثمان بزدار اور علیم خان تحفے میں دیئے گئے ہیں۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ کے پی کے میں تحریک انصاف نے کون سا وعدہ پورا کیا، یہ جعلی مینڈیٹ ہیں اور جعلی نعرے ہیں۔حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ احتساب بنی گالا سے شروع ہونا چاہیے، عوام کی عدالت ہے اور عوام نے فیصلہ کرنا ہے نیب کے پیچھے نیازی ہے۔