اسلامی اور خوشحال معاشرے کا تصور صرف مدینہ کی ریاست ہے، سراج الحق

اسلامی اور خوشحال معاشرے کا تصور صرف مدینہ کی ریاست ہے، سراج الحق
کیپشن: فوٹو فائل

پشاور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ نوجوان کسی فرد، ظالم لٹیرے یا کرپٹ لیڈر کے پیچھے نہ جائیں، اسلامی اور خوشحال معاشرے کا تصور صرف مدینہ کی ریاست ہے، حکمرانوں نے 70 سال میں قیام پاکستان کے مقصد سے غداری کی۔


پشاور کے مرکز اسلامی میں یوتھ کنونشن سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ علامہ اقبالؒ کے خواب کی تعبیر صرف نوجوان ہی پوری کر سکتے ہیں، ہمارا پیغام نظریہ پاکستان پر کاربند رہنا ہے، پاکستان میں 65 فیصد سے زائد نوجوان ہیں، نوجوانوں نے قائداعظم کا ساتھ بھی دیا تھا،آج بھی نوجوانوں میں اسی جذبہ کی ضرورت ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ مغرب میں خاندانی نظام ختم اور معاشرہ تنہا ہو چکا ہے، ہم نے یہاں مغربی تہذیب کا راستہ روکنا ہے،انتخابات میں لوگوں نے نئی جماعت کو کامیاب کرایا، ہم نے بھی انتخابی نتائج قبول کئے لیکن دو ماہ میں تبدیلی نظر نہیں آ رہی، عوام کو مہنگائی اور دیگر کئی مسائل کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر انتہائی کم ہو چکی ہے، حکومت کے پاس سنجیدہ پروگرام نہیں ہے اور اج بھی حکمران ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کی جانب دیکھ رہے ہیں۔