پنجاب کا رواں مالی سال کیلئے 20 کھرب 26 ارب سے زائد کا بجٹ پیش

پنجاب کا رواں مالی سال کیلئے 20 کھرب 26 ارب سے زائد کا بجٹ پیش
کیپشن: فوٹو فائل

لاہور:  پنجاب حکومت نے رواں مالی سال کے بقیہ مہینوں کیلئے 20 کھرب 26 ارب 57 کروڑ روپے کا بجٹ پیش کردیا۔


تفصیلات کے مطابق منگل کو اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہی کی زیر صدارت اجلاس ہوا‘جس میں صوبائی وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم بخت نے رواں  سال  کیلئے بجٹ پیش کیا،اپوزیشن نے شدید ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں۔اس موقع پر صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم بخت کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت کی وجہ سے قرضے لینے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں، پنجاب کا بجٹ نئے پاکستان کی راہ ہموار کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ سابق حکومت کی ترقی اشتہارات تک محدود تھی لیکن ہم خوراک، تعلیم، اپنا گھر اور بنیادی سہولیات پر توجہ دیں گے، پی ٹی آئی حکومت مضبوط اور جامع بلدیاتی انتخاب پر یقین رکھتی ہے۔صوبائی وزیر خزانہ کی بجٹ تقریر کے مطابق رواں مالی سال کے بجٹ کا حجم 20 کھرب 26 ارب 57 کروڑ روپے ہے جب کہ مالی سال میں عمومی محصولات کی مد میں 1652 ارب روپے کا تخمینہ ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی محاصل پول سے پنجاب کو 1276 ارب روپے کی آمدن متوقع ہے اور صوبائی محصولات کی مد میں 376 ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔