کراچی میں پی ٹی آئی کے ایم این اے اور ایم پی اے آپس میں ہی لڑ پڑے

کراچی میں پی ٹی آئی کے ایم این اے اور ایم پی اے آپس میں ہی لڑ پڑے
کیپشن: فوٹو فائل

کراچی : کراچی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صوبائی اور قومی اسمبلی کے 2 ارکان آپس میں ہی لڑ پڑے۔

پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی آفتاب جہانگیر اور رکن صوبائی اسمبلی رابستان کے حامی بھی لڑائی میں شامل ہوگئے، آفتاب جہانگیر مکوں سے بچنے کے لیے گاڑی میں بیٹھ گئے جبکہ رابستان کے حامی گاڑی پر مکے اور لاتیں برساتے رہے۔تحریک انصاف کے ایم این اے آفتاب جہانگیر پر اپنی ہی جماعت کے ایم پی اے رابستان خان کے حامیوں نے اُس وقت حملہ کیا جب دونوں سرجانی ٹاؤن اور تیسر ٹاؤن کے دورے کے بعد واپس جارہے تھے۔

تصادم کے دوران دونوں کے حامیوں نے نہ صرف گالم گلوچ کی بلکہ رابستان کے حامیوں نے آفتاب جہانگیر پر حملہ کرنے کی کوشش بھی کی، آفتاب جہانگیر تو کسی نہ کسی طرح گاڑی میں بیٹھ کر محفوظ رہے لیکن ان کے کوآرڈینیٹر پر خوب ہاتھ صاف ہوا۔ذرائع کے مطابق لینڈ مافیا کو سپورٹ کرنے کا الزام ایک فریق نے دوسرے پر لگایا جس کے بعد یہ صورتحال پیدا ہوئی۔

کے ڈی اے ذرائع کے مطابق سرجانی ٹاؤن سیکٹر 6 سی میں اصل مالکان کی درخواست پر زمین کی پیمائش کی جارہی تھی کہ غیرقانونی قابضین نے احتجاج شروع کردیا۔پی ٹی آئی کراچی ڈویژن کے صدر خرم شیرزمان کا کہنا ہے کہ معاملے کو ہر پہلو سے دیکھ رہے ہیں، جھگڑے کا معاملہ انضباطی کمیٹی کو بھیجیں گے۔