وزیراعظم کی سعودی فرمانروا سے ملاقات ، علاقائی امن واستحکام پر  تبادلہ خیال کیا

 وزیراعظم کی سعودی فرمانروا سے ملاقات ، علاقائی امن واستحکام پر  تبادلہ خیال کیا
کیپشن: Image Source: File Photo

ریاض: وزیراعظم عمران خان کی شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان سے الگ الگ ملاقاتیں جن میں خطے میں امن وامان اور عالمی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

تفصیلات کے مطابق ، وزیراعظم عمران خان کی سعودی فرمانروا خادم الحرمین شریفین سے ملاقات ،  سعودی قیادت کا دو طرفہ تعاون کو مزید بڑھانے پر  تبادلہ خیال  کیا گیا ، وزیراعظم نے علاقائی امن واستحکام کی خاطر خطے میں اختلافات اور تنازعات کو سیاسی اور سفارت کاری کے ذریعے حل پر زور دیا۔

 

وزیراعظم عمران خان نے سعودی قیادت کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے سعودی قیادت کو دورہ ایران پر بھی اعتماد میں لیا۔

 

ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سید ذوالفقار عباس بخاری اور سینئر افسران ملاقات میں شریک تھے۔

 

اس سے قبل ایران کے ساتھ مصالحت کرانے کا مشن لیے وزیراعظم عمران خان سعودی عرب پہنچے تو ریاض کے گورنر نے ان کا شاہ خالد ایئرپورٹ کے رائل ٹرمینل پر پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر راجا علی اعجاز، سعودی حکام اور سفارتخانے کے دیگر افسران بھی استقبال کیلئے موجود تھے۔

 

یاد رہے کہ دورہ ایران کے دوران وزیراعظم عمران خان نے خلیجی ممالک کو کسی فوجی تنازع سے بچانے پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ خلیجی ممالک میں تمام فریقین بات چیت سے مسائل حل کریں۔ پاکستان سعودی ایران کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات سے مسائل حل کرنے میں سہولت کاری کے لیے تیار ہے۔