امت مسلمہ کا باہمی اتحاد و اتفاق خطے میں امن اور معاشی استحکام کا ضامن ہے،فردوس عاشق اعوان

امت مسلمہ کا باہمی اتحاد و اتفاق خطے میں امن اور معاشی استحکام کا ضامن ہے،فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد:وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ امت مسلمہ کا باہمی اتحاد و اتفاق خطے میں امن اور معاشی استحکام کا ضامن ہے.

مسئلہ کشمیر پر سعودی عرب نے اپنی حمایت کے عزم کا اعادہ اور تنازعہ کے پرامن طریقے سے حل پر زور دیا،وزیر اعظم عمران خان کے دورے سے پاکستان اور سعودی عرب کے باہمی اعتماد میں اضافہ ہوگا اور مختلف شعبوں میں قریبی تعاون پر مبنی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

ٹوئٹر پر اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ ایران کے بعد سعودی قیادت کا خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور امن و استحکام کے فروغ کیلئے وزیراعظم پاکستان کی مخلصانہ کاوشوں کو سراہانہ عمران خان کو بطور رہبرِ امت مسلمہ ممتاز کرتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان برادر اسلامی ممالک کے مابین جذبہ اخوت اور ہم آہنگی کے فروغ کا خواہاں ہے۔ انہوںنے کہاکہ امت مسلمہ کا باہمی اتحاد و اتفاق خطے میں امن اور معاشی استحکام کا ضامن ہے۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے سعودی قیادت کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال، مواصلاتی پابندیوں اور مسلسل لاک ڈاؤن سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ کرفیو کو 73 روز ہوگئے،80 لاکھ سے زائد کشمیری گھروں میں محصور ہیں،وادی جنت نظیر جیل میں بدل چکی ہے۔ انہوںنے کہاکہ مسئلہ کشمیر پر سعودی عرب نے اپنی حمایت کے عزم کا اعادہ اور تنازعہ کے پرامن طریقے سے حل پر زور دیا۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کے دورے سے پاکستان اور سعودی عرب کے باہمی اعتماد میں اضافہ ہوگا اور مختلف شعبوں میں قریبی تعاون پر مبنی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہو گا۔