شہزاد ہ ولیم نے پاکستان میں نئی تاریخ رقم کر دی

شہزاد ہ ولیم نے پاکستان میں نئی تاریخ رقم کر دی

اسلام آباد:برطانوی شہزادہ ولیم شیروانی پہننے والے پہلے شاہی فرد بن گئے۔

تفصیلات کے مطابق برطانوی شہزادے ولیم نے اہلیہ کیتھرائن کیٹ مڈلٹن کے ہمراہ 14 اکتوبر کو پہلے پاکستانی دورے پر پہنچ کر تاریخ رقم کردی۔تاہم اسی دورے کے دوران انہوں نے ایک نیا اعزاز اپنے نام کرتے ہوئے شاہی خاندان کے تمام افراد کو پیچھے چھوڑ دیا۔شہزادہ ولیم نے اپنے پہلے 5 روزہ پاکستانی دورے کے دوسرے دن شیروانی پہن کر تاریخ رقم کردی اور وہ شیروانی پہننے والے پہلے شاہی فرد بن گئے۔

ان سے قبل ان کے والد شہزادہ چارلس بھی پاکستان آ چکے ہیں، تاہم انہوں نے شیروانی نہیں پہنی تھی۔شہزادہ ولیم نے دوسرے روز پاکستان کے قومی جھنڈے سے مشابہہ رنگ کی شیروانی پہنی اور ان کی جانب سے اس لباس پہننے کے عمل کو برطانوی و عالمی میڈیا نے بھی اہم خبر کے طور پر شائع کیا۔اس سے زیادہ اہم بات یہ ہے کہ شہزادہ ولیم کی جانب سے پہنی گئی ہرے رنگ کی شیروانی پاکستانی ڈیزائنر نے تیار کی تھی۔

پاکستانی ڈیزائنر کے مطابق انہوں نے آرڈر ملنے کے محض 2 دن بعد شہزادہ ولیم کے لیے شیروانی تیار کی اور اس کے لیے انہوں نے دیگر عملے کے ساتھ مل کر دن رات کام کیا۔یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ جہاں شہزادہ ولیم نے ہرے رنگ کی شیروانی پہنی، وہیں ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن نے بھی ان کے لباس سے مشابہہ مشرقی و مغربی انداز کا لباس پہنا۔

تاہم کیٹ مڈلٹن کا لباس کسی پاکستانی ڈیزائنر نے نہیں بلکہ برطانوی ڈیزائنر جینی پیکہم نے تیار کیا تھا جو ان کے لیے پہلے بھی لباس تیار کر چکی ہیں۔شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن نے سبز رنگ کا یہ لباس اپنے پانچ روزہ دورے کے دوسرے دن برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے اسلام آباد میں واقع یادگار پاکستان پر دیے گئے عشائیے کی تقریب میں پہنا تھا۔

اس تقریب میں انہوں نے خطاب کرتے ہوئے شہدا کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔اس تقریب میں شرکت کے لیے وہ رکشہ کی سواری کرکے پہنچے تھے اور تقریب میں اہم حکومتی و سیاسی شخصیات سمیت عسکری شخصیات اور فلمی ستاروں نے بھی شرکت کی تھی۔