جنگ کے بادل منڈلا رہے تھے جو اب چھٹتے نظر آ رہے ہیں:شاہ محمود قریشی

جنگ کے بادل منڈلا رہے تھے جو اب چھٹتے نظر آ رہے ہیں:شاہ محمود قریشی

اسلام آباد :شاہ محمود قریشی نے وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ایران اور سعودی عر ب سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ دونوں ممالک اس سے قبل تناﺅ کی طرف بڑھ رہے تھے ،جنگ کے بادل منڈلا رہے تھے لیکن اب چھٹتے نظر آ رہے ہیں ۔

وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سعودی عرب اور ایران سے قریبی تعلقات ہیں ،وزیر اعظم نے حالات کو سامنے رکھتے ہوئے کردار ادا کرنے کا فیصلہ کیا تھا ،دونوں ممالک کے سربراہان سے اچھی ملاقاتیں رہیں ،ایران نے بالواسطہ مذاکرات پر آمادگی کا اظہار کیا ہے ۔ایرانی قیادت کے جذبات سعودی قیادت کے سامنے رکھے ہیں ،ایران نے کہا کہ ڈائیلاگ کیلئے ذہنی طور پر تیا رہیں ،ہمیں دونوں طرف مثبت رویہ دکھائی دیا ۔

شاہ محمود قریشی نے کہا سعودی عرب اور ایران کے معاملات بگڑنے سے پورے خطے پر اثر پڑے گا ،عمران خان کے دورے سے قبل جنگ کے بادل منڈلا رہے تھے اب چھٹتے نظر آ رہے ہیں ۔

ایران نے واضح کیا ہے کہ وہ سعودی عرب سے کشیدگی نہیں چاہتے ،ایرانی قیادت کیساتھ دو نشستیں ہوئی جو مفید رہیں ،وزیر اعظم نے سعودی قیادت کو ایرانی قیادت سے ملاقات کے حوالے سے آگاہ کیا ،ایرانی قیادت نے وزیر اعظم سے کہا کہ وہ سعودی عرب سے ڈائیلاگ کیلئے تیار ہیں ۔