پاکستان ہارٹ اسٹنٹ بنانے والا دوسرا اسلامی ملک بن گیا

پاکستان ہارٹ اسٹنٹ بنانے والا دوسرا اسلامی ملک بن گیا

اسلام آباد: پاکستان دل کی بیماری کے علاج کے لیے درکار اسٹنٹ تیار کرنے والا دنیا کا 18 واں اور اسلامی دنیا کا  دوسرا ملک بن گیا ہے۔ امراض قلب میں مبتلا مریضوں کے علاج کے لیے اب اسٹنٹ ملک میں ہی تیار کیے جائیں گے۔

 وزیراعظم عمران خان اسٹنٹ کی تیاری کے منصوبے کا آج  افتتاح کریں گے۔ اس مقصد کے لیے وہ نسٹ یونیورسٹی کا دورہ کریں گے۔ہارٹ اسٹنٹ اسلامی ممالک میں صرف ترکی تیار کرتا ہے لیکن اب پاکستان بھی اس فہرست میں شامل ہو گیا ہے۔

جنوبی ایشیا میں بھارت واحد ملک ہے جو ہارٹ اسٹنٹ تیار کرنے کی صلاحیت کا حامل ہے۔دستیاب اعداد و شمار کے مطابق اس کامیابی کے نتیجے میں ملک کو سالانہ تقریباً آٹھ ارب روپے کی بچت ہو گی۔

 وزیراعظم عمران خان اسٹنٹ کی تیاری کے منصوبے کا باضابطہ افتتاح کرنے کے علاوہ نسٹ یونیورسٹی میں طلبہ سے خطاب بھی کریں گے۔اسٹنٹ کئی اقسام کے ہوتے ہیں۔

طبی ماہرین کے مطابق بعض اسٹنٹ کچھ وقت کے لیے لگائے جاتے ہیں جب کہ کچھ کو ساری عمر کے لیے بھی لگایا جاتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اسٹنٹ پہلے صرف دھات سے تیار کیے جاتے تھے لیکن اب دھات کے بجائے حساس دھاگوں سے تیار شدہ اسٹنٹ بھی مارکیٹ میں آگئے ہیں۔