مریم نواز نے جلسہ گاہ روانگی سے قبل دبنگ اعلان کر دیا 

مریم نواز نے جلسہ گاہ روانگی سے قبل دبنگ اعلان کر دیا 

لاہور :مریم نواز نے گوجرانولہ جلسے کی طر ف روانگی سے قبل اہم پیغام دیتے ہوئے کہا کہ آج 22 کروڑ عوام کے حقوق کیلئے نکلے ہیں ،گوجرانوالہ کے لوگ ہمارے قافلے میں شامل ہونے کیلئے تیار ہو جائیں ۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع گوجرانوالہ میں اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے آج ہونے والے جلسے میں شرکت کے لیے مسلم لیگ نون کی نائب صدر اور سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز جاتی امراء سے قافلے کی صورت روانہ ہوچکیں ،اس موقع پر مریم نواز نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج 22 کروڑ عوام کے حقوق کے لیے نکلے ہیں، گوجرانوالہ کے عوام ،بھائی، بہنیں ہمارے قافلے میں شامل ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہم محنت کشوں، تاجروں، بے روزگاروں، نوجوانوں اور خواتین کے حقوق کے لیے باہر نکلے ہیں، ہم عوام کے ووٹ کو عزت دلانے کے لیے نکلے ہیں،مریم نواز نے مزید کہا کہ پولیس اور انتظامیہ عوام کے راستے میں نہ آئیں، ہم عوام کی ہی نہیں آپ کے حقوق کی بھی جنگ لڑ رہے ہیں،انہوں نے یہ بھی کہا کہ پولیس اور انتظامیہ نے آئین اور قانون کی پاسداری کا حلف اٹھایا، کسی جعلی حکمراں کے تحفظ کا نہیں، سب لوگ قانون اور آئین کی جنگ میں ہمارے قافلے میں شامل ہوں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ میں 45 منٹ میں اپنی رہائش گاہ کے مین گیٹ تک ہی پہنچ پائی ہوں،اس پیغام کے ساتھ انہوں نے اپنے خطاب کی تصویر بھی شیئر کرائی ہے۔،ہور سمیت مختلف علاقوں سے قافلے پی ڈی ایم کی جلسہ گاہ جناح اسٹیڈیم گوجرانوالہ پہنچ رہے ہیں۔

پولیس کی جانب سے جناح اسٹیڈیم کی طرف آنے والے راستے کہیں خار دار تار اور کہیں کنٹینر لگا کر بند کر دیئے گئے ہیں۔

اس سے قبل اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا تھا کہ ہم ایک ناجائز پارلیمنٹ کو ہٹانے کے لیے نکلے ہیں، مولانا فضل الرحمٰن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی سے ذاتی دشمنی نہیں، تحریک کا آغاز گوجرانوالہ سے ہو گا۔انہوں نے کہا کہ یہ پارلیمنٹ منتخب پارلیمنٹ نہیں ہے، پارلیمنٹ عالمی اسٹیبلشمنٹ کی سازشوں سے آئی ہے، عوام معاشی مشکلات کا شکار ہیں، ہم ایک ناجائز پارلیمنٹ کو ہٹانے کے لیے نکلے ہیں۔

سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ موجودہ حالات سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ حکومت کو دسمبر نصیب نہیں ہو گا، حالات تبدیل ہو گئے ہیں، اب وہ این آر او مانگ رہے ہیں ہم نہیں دے رہے، ان شاءاللّٰہ انہیں دسمبر نصیب نہیں ہوگا،واضح رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے پلیٹ فارم سے حکومت مخالف تحریک کا پہلا پاور شو آج (جمعہ کو) گوجرانوالہ میں ہورہا ہے۔