لاہور: شہباز شریف نے مریم نواز کی سیکیورٹی کیلئے اپنا پورا سکواڈ ساتھ بھجوا دیا حمزہ شہباز نے بھی اپنی گاڑیوں کا قافلہ مریم کے حوالے کیا ہے اس پر مریم نواز نے ٹویٹ میں کہا ہے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو میری کتنی فکر ہے اور جلد انشاء اللہ وہ دونوں بھی ہمارے ساتھ ہوں گے۔
مریم نواز جاتی امرا سے گوجرانوالہ روانہ ہو گئی ہیں۔ ان کے استقبال کیلئے 8 مقامات پر استقبالیہ کیمپ لگائے گئے ہیں۔ وہ شاہدرہ اور کالا شاہ کاکو استقبالیہ میں لیگی کارکنوں سے مختصر خطاب کریں گی۔ لیگی رہنما کا مرید کے میں استقبال کیا جائے گا۔ مریم نواز کا کامونکی میں بھی استقبال کیا جائے گا۔ مریم نواز کے قافلے کو لال چن دا قلعہ پر استقبال کر کے ریلی کی شکل میں پنڈال میں لےجایا جائے گا۔
Live pic.twitter.com/AW8zzWPgdZ
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) October 16, 2020
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کے خلاف بننے والے اپوزیشن کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) آج پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں اپنی پہلی سیاسی طاقت کا مظاہرہ کر رہی ہے اور اس سلسلے میں مختلف جماعتوں کے قافلے جلسہ گاہ کی طرف پہنچ رہے ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ 20 ستمبر کو اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کے بعد تشکیل پانے والی 11 سیاسی جماعتوں کا اتحاد ہے جو رواں ماہ سے شروع ہونے والے ’ایکشن پلان‘ کے تحت 3 مرحلے پر حکومت مخالف تحریک چلانے کے ذریعے حکومت کا اقتدار ختم کرنے کی کوشش کرے گی۔
ایکشن پلان کے تحت پی ڈی ایم نے رواں ماہ سے ملک گیر عوامی جلسوں، احتجاجی مظاہروں، دسمبر میں ریلیوں اور جنوری 2021 میں اسلام آباد کی طرف ایک ’فیصلہ کن لانگ مارچ‘ کرنا ہے۔
مولانا فضل الرحمن پی ڈی ایم کے پہلے صدر ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کے راجہ پرویز اشرف سینئر نائب صدر ہیں اور مسلم لیگ (ن) کے شاہد خاقان عباسی اس کے سیکرٹری جنرل ہیں۔