سینئر وزیر عبد العلیم خان بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے 

سینئر وزیر عبد العلیم خان بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے 

لاہور:سینئر وزیر عبد العلیم خان بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے جس کے بعد کورونا کا شکار وزراء کی مجموعی تعداد تین ہو گئی ہے۔

 تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کے وزیر صنعت میاں اسلم اقبال اوروزیر زراعت حسین جہانیاں گردیزی کے بعد سینئر وزیرعبد العلیم خان بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔

 بتایا گیا ہے کہ تینوں وزراء نے خود کو قرنطینہ کر رکھا ہے ۔ دوسری جانب چیئرمین پی اینڈ ڈی حامد یعقوب، سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی ،سیکرٹری خوراک اسد گیلانی بھی کورونا میں مبتلا ہیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے کیسز اور اس سے اموات میں مسلسل کمی جبکہ اس سے شفایاب ہونے والوں میں اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے ملک کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں 23 ویں نمبر پر آ گیا ہے،ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 33 ہزار 901 کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے جبکہ اب تک کُل 40 لاکھ 9 ہزار 497 کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 659 نئے کورونا وائرس کے کیسز سامنے آ گئے، مزید 7 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 440 مریض اس بیماری سے شفایاب ہو گئے،پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 3 لاکھ 21 ہزار 877 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 6 ہزار 621 تک جا پہنچی ہے۔

کورونا وائرس کے ملک بھر میں 9 ہزار 421 مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 529 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 3 لاکھ 5 ہزار 835 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں،سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دوسرے صوبوں سے زیادہ 1 لاکھ 41 ہزار 249 ہو چکی ہے، جبکہ یہاں اس موذی وائرس سے اموات بھی دیگر صوبوں سے بڑھ کر 2 ہزار 568 ہو گئیں۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 1 لاکھ 1 ہزار 367 مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے ہلاکتیں 2 ہزار 279 ہو گئیں،خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 38 ہزار 521 ہو چکی ہے جبکہ اس سے اموات 1 ہزار 265 ہو گئیں۔