نیب زدہ لوگوں کی تحریک سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں:وزیر اعظم

نیب زدہ لوگوں کی تحریک سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں:وزیر اعظم

اسلام آباد :وزیر اعظم عمران خان نے اپوزیشن کے جلسے جلوسوں کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا اپوزیشن اس وقت بے روزگار ہے ،ان کو اہمیت دینے کی ضرورت نہیں ،چاہتا ہوں یہ روز جلسے کریں تاکہ عوام کے سامنے بے نقاب ہو جائیں ،ملک لوٹنے اور منی لانڈرنگ کرنے والے ایک بار پھر اکھٹے ہو گئے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے تحریک انصاف کے رہنمائوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا اپوزیشن کا بیانیہ بکنے والا نہیں ،نیب زدہ لوگوں کی تحریک سے حکومت کوکوئی خطرہ نہیں ،اپوزیشن کے جلسوں سے کوئی خوف نہیں ،یہ اپنی کرپشن اور قو م کی لوٹی ہوئی دولت بچانے کیلئے نکلے ہیں ،یہ جو جلسے کر رہے ہیں ان کی وجہ سے ملک کا بیڑہ غرق ہو ا ہے ،اپوزیشن کو نہ پہلے کبھی عوام کا خیال تھا اور نہ ہی آج ہے ۔

عمران خان نے مہنگائی سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے کہا مہنگائی کوجلد کنٹرول کر لینگے ،انہوں نے کہا گندم کی سپلائی پوری ہو چکی ہے صورتحال میں بہت جلد بہتری آئیگی ،عمران خان نے کہا ملکی معیشت کو بہتر کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ بیرونی انویسمنٹ پاکستان لا رہے ہیں ۔عمران خا ن نے کہا کہ اپوزیشن کے جلسوں سے پریشان نہ ہوں، ہم سے بڑے جلسے کسی نے نہیں کیے۔

اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ)میں این اوویٹیو ہیلتھ ٹیکنالوجی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کبھی کبھی سوچتا ہوں ڈاکوؤں کو این آر او دے دوں اور زندگی آسان ہوجائے مگریہ تباہی کا راستہ ہے،جب آپ کے ملک سے ڈالر زیادہ بڑی تعداد میں باہر جا رہے ہوں اور ملک میں کم ڈالرز آ رہے ہوں تو ملک کبھی خوشحال نہیں ہو سکتا، جس ملک میں تجارتی خسارہ 40 ارب ڈالر ہو تو اس سے غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر پر اثر پڑے گا۔

ہماری ابھی تک وہی سوشلز کی سوچ ہے جس میں منافع کمانے کو جرم تصور کیا جاتا ہے، اگر سرمایہ کاری نہیں ہوگی تو ملک آگے کیسے بڑھے گا،اگر ہم اپنا ماحول ٹھیک کر لیں تو سب سے زیادہ اوورسیز پاکستانی ملک کو فائدہ پہنچائیں گے۔ مقامی سطح پرکارڈیک اسٹنٹ کی تیاری اہم پیش رفت ہے۔