میرا فون ٹیپ ہو رہا ہے ، وزیراعظم عمران خان نے تہلکہ خیز انکشاف کر دیا

میرا فون ٹیپ ہو رہا ہے ، وزیراعظم عمران خان نے تہلکہ خیز انکشاف کر دیا

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان کا فون بھی ٹیپ ہوتا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے بڑا انکشاف کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ ان کا فون بھی ٹیپ ہوتا ہے۔پارلیمانی پارٹی کا اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا جس میں نجی ٹی کے مطابق رکن قومی اسمبلی شکور شاد نے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا اور ان کی فیملی کا فون ٹیپ کیا جا رہا ہے جس پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پریشان ہونے والی کوئی بات نہیں میرا فون بھی ٹیپ ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ میری کالز اور میسجز بھی ٹیپ ہو رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران نے کہا کہ فون ٹیپ ہونا کوئی غلط بات نہیں ہے اس میں آپ کا ہی فائدہ ہے۔ اداروں کو علم ہونا چاہیئے کہ عوام کے نمائندے کچھ غلط تو نہیں کر رہے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ انہیں فون ٹیپ ہونے سے کوئی مسئلہ نہیں ہے کیونکہ نہ تو میں کرپشن کرتا ہوں اور نی ہی منی لانڈرنگ کرتا ہوں۔

خیال رہے کہ پارلیمانی اجلاس میں سیاسی رہنماؤں کے درمیان گرما گرمی بھی ہوئی ہے۔ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر بھی بات چیت کی گئی۔وفاقی وزیر فوڈ سیکورٹی فخر امام نے گندم کی دستیابی، قیمتوں اور قلت کی وجوہات پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ گندم کی درآمد سے آٹے کی قیمت میں واضح کمی آئے گی۔ وفاقی وزیر حماد اظہر نے چینی کی قیمتوں میں اضافہ کی وجوہات اور حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے آغاز پر ہی ماحول کشیدہ ہو گیا۔ مراد سعید نے کہا عطاء اللہ بات شروع کریں گے لیکن آزاد منتخب ہونے والے ایم این اے ثناء اللہ مستی خیل اپنی نشست پر کھڑے ہو گئے اور بولنا شروع کر دیا کہ حالات بہتر ہوتے نظر نہیں آ رہے کیونکہ عوام اب حکومتی رہنماؤں کو گندے انڈے مارنے کے لیے تیار ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری حکومت کے وزیرِ اور مشیر ایک ٹکے کے نہیں۔ شہری بجلی اور گیس کے بل دینے کے قابل نہیں رہے اور ملک میں خوراک کا بحران پیدا ہوتا نظر آرہا ہے۔