نوکیا کے انتہائی سستے ترین اینڈرائیڈ فون کی تصویر مارکیٹ میں آنے سے پہلے ہی لیک ہو گئی

نوکیا کے انتہائی سستے ترین اینڈرائیڈ فون کی تصویر مارکیٹ میں آنے سے پہلے ہی لیک ہو گئی

فن لینڈ : نوکیا کا سب سے سستا اینڈرائیڈ اسمارٹ فون بہت جلد سامنے آنے والا ہے۔اسمارٹ فون کمپنیوں کی ڈیوائسز کی تصاویر لیک کرنے والے ایون بلاس نے ٹوئٹر پر نوکیا 2 کی تصویر جاری کی ہے جو اس کمپنی کا انٹری لیول فون ہے۔


نوکیا 2 میں بیک پر ایک ہی کیمرہ دیا گیا ہے جو کہ ایل ای ڈی فلیش کے ساتھ ہے جبکہ اس میں اینڈرائیڈ اوریو آپریٹنگ سسٹم دیئے جانے کا امکان ہے۔سب سے خاص بات یہ ہے کہ تصویر میں فون کے وال پیپر پر 5 اکتوبر کی تاریخ درج ہے، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ یہ فون اگلے ماہ سامنے آسکتا ہے، تاہم کمپنی نے فی الحال کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا۔

یہ فون ایک جی بی ریم، کوالکوم اسنیپ ڈراگون 210 پراسیسر، 5 انچ ایچ ڈی ڈسپلے اور 4000 ایم اے ایچ بیٹری کے ساتھ ہوگا۔اس سے ہٹ کر یہ سنگل اور ڈوئل سم ورژن میں متعارف کرایا جاسکتا ہے جبکہ ایل ٹی ای بینڈ سپورٹ والا ورژن بھی ہوسکتا ہے۔ایچ ایم ڈی گلوبل اب تک نوکیا کے چار اسمارٹ فونز نوکیا ایٹ، نوکیا سکس، نوکیا فائیو اور نوکیا تھری متعارف کرائی جاچکی ہے، جن میں سے نوکیا تھری انٹری لیول ڈیوائس ہے۔

نوکیا تھری پاکستان میں 16 ہزار روپے سے زائد میں دستیاب ہے اور نوکیا ٹو اس کے مقابلے میں مزید سستا ہوگا، تاہم یہ قیمت کیا ہوسکتی ہے، اس کا فیصلہ تو فون متعارف ہونے کے بعد ہی ہوسکے گا۔