کلبھوشن یادیو ،پاکستان کو عالمی عدالت میں جمع کرایا گیا بھارتی جواب موصول

کلبھوشن یادیو ،پاکستان کو عالمی عدالت میں جمع کرایا گیا بھارتی جواب موصول

اسلام آباد: پاکستان کو جاسوس کلبھوشن یادیو کیس میں بھارت کی جانب سے عالمی عدالت انصاف میں جمع کرایا گیا جواب موصول ہوگیا۔دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق اٹارنی جنرل آف پاکستان اشتر اوصاف کی سربراہی میں وکلا اور ماہرین کی ٹیم بھارتی میموریل کا جائزہ لے رہی ہے۔

پاکستان اپنا جواب کلبھوشن کی جانب سے کیے گئے اعتراف کی روشنی میں تیار کرے گا اور جلد عالمی عدالت انصاف میں جمع کرائے گا۔بیان میں کہا گیا کہ کلبھوشن یادیو پاکستان میں جاسوسی اور دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث رہا ہے، جس کے نتیجے میں سیکڑوں پاکستانی شہری جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

بھارتی وزارت خارجہ نے عالمی عدالت انصاف میں بھارت کی جانب سے تحریری جواب جمع کرانے کی تصدیق کی تھی۔بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بھارت کی جانب سے اٹھائے گئے اس اقدام کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’آج بھارت نے کلبھوشن یادیو سے متعلق معاملے میں پاکستان کی جانب سے سفارتی تعلقات 1963 کے ویانا کنونشن کی خلاف ورزی پر اپنا جواب تحریری طور پر جمع کرادیا ہے۔

یاد رہے بھارتی جاسوس کو آپریشن ضرب عضب کے دوران گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد بھارتی جاسوس نے پاکستان کے اندر دہشت گردی کی کاروائیوں میں ملوث رہنے کا انکشاف کیا تھا۔