دہشتگردی، فتنوں اور قتل و غارت گری سے نجات کے لئے امن عام کیا جائے، امام کعبہ

دہشتگردی، فتنوں اور قتل و غارت گری سے نجات کے لئے امن عام کیا جائے، امام کعبہ

مکہ :مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے فرزندان اسلام سے کہا ہے کہ دہشت گردی، شدت پسندی ،قتل و غارت گری، فتنہ انگیزی اور ڈرانے دھمکانے کے طور طریقوں سے نجات کے لئے امن کا پیغام پوری دنیا میں پھیلایا جائے۔

سعودی اخبار کے مطابق اپنے ایک بیان میں امام کعبہ نے کہا کہ عصر حاضر میں فتنہ انگیزوں نے اپنے پرچم اٹھا لئے ہیں۔ شر انگیز عناصر فتنوں کے گھوڑوں پر سوار ہو چکے ہیں۔ معاون طاقتوں کو یکجا کر دیا گیا ہے۔ قتل و غارتگری کا بازار گرم ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس ماحول سے بنی نوع انسان کو نجات دلانے کیلئے مسلمانان عالم کو وہی تاریخی کردار ادا کرنا ہو گا جو پیغمبر اسلام محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی زیر قیادت عصر اول کے مسلمانوں نے قتل و غارت گری سے دنیا بھر کو نجات دلانے کیلئے ادا کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ امن و امان کی علمبردار امت ہے۔ بنی نوع انسان کو امن و امان کی اشد ضرورت ہے۔امام کعبہ نے کہا کہ سیرت طیبہ اور اسلامی فتوحات کے واقعات کا مطالعہ بتاتا ہے کہ میٹھے بول اور حکیمانہ نصیحت کی بدولت دنیا بھر میں اسلام کا بول بالا ہوا۔امام حرم نے اس بات پر افسوس ظاہر کیا کہ ناحق اسلام کو بدنام کیا جا رہا ہے۔

اسلام پر دہشت گردی ، شدت پسندی ، ستم ریزی اور تلوار کے ذریعے دعوت پھیلانے کا گھناﺅنا الزام لگایا ، دھرایا جا رہا ہے۔ امام السدیس نے واضح کیا کہ حقیقی امن اور سماجی سلامتی انصاف پھیلا کر ہو گی۔

جب تک انصاف کا بول بالا نہیں ہوگا ، حق داروں کو ان کا حق نہیں دیا جائیگا تب تک امن و امان کا دور دورہ نہیں ہوگا۔ امام حرم نے اقوام و ممالک سے اپیل کی کہ وہ رحمدلی ، رواداری اور الفت باہمی سے کام لیں۔ اتحاد واتفاق کا مظاہرہ کریں۔