سندھ ہائیکورٹ کا عائشہ باوانی کالج کھولنے کا حکم

سندھ ہائیکورٹ کا عائشہ باوانی کالج کھولنے کا حکم

کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے عائشہ باوانی کالج کو سیل کرنے کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے کالج فوری طور پر کھولنے کا حکم دے دیا۔ گزشتہ روز کراچی کی مقامی عدالت نے عائشہ باوانی کالج کی ملکیت کا باوانی فیملی کے حق میں سنایا تھا اور عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے پولیس نے کالج سیل کر دیا تھا۔

محکمہ تعلیم سندھ نے کالج کو سیل کیے جانے کے معاملے پر ہائیکورٹ سے رجوع کیا اور عدالت کے روبرو اسسٹنٹ و ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے موقف اپنایا کہ کالج سیل ہونے پر طلبہ سڑک پر تعلیم حاصل کر رہے ہیں جس سے زیر تعلیم طلبہ و والدین میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔

سندھ ہائیکورٹ نے موقف سُننے کے بعد ماتحت عدالت کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے کالج کو فوری طور پر کھولنے کا حکم جاری کر دیا جب کہ فریقین کو 23 ستمبر کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ملتوی کر دی۔

یاد رہے کہ کالج سیل ہونے کے بعد آج کالج پہنچنے والے طلبہ نے احتجاجاً سڑک پر ہی کلاس لگائی تھی اور اساتذہ نے سڑک پر ہی تدریسی عمل کو انجام دیا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں