نیب ریفرنسز، شریف خاندان کو عدالت میں پیشی کے سمن موصول ہو گئے

نیب ریفرنسز، شریف خاندان کو عدالت میں پیشی کے سمن موصول ہو گئے

لاہور: نیب لاہور نے اسلام آباد احتساب بیورو کو آگاہ کیا ہے کہ نواز شریف، حسن اور حسین نواز کو جاری ہونے والے سمن جاتی امرا کے سیکیورٹی افسر نے وصول کر لئے ہیں۔

احتساب عدالت اسلام آباد نے سابق وزیر اعظم نواز شریف، ان کی بیٹی مریم نواز، بیٹوں حسن اور حسین نواز کو 2 ریفرنسوں العزیزیہ سٹیل ملز اور اختیارات کے ناجائز استعمال سے اندرون و بیرون ممالک اربوں روپے مالیت کے اثاثے بنانے کے ریفرنسز پر سمن جاری کر کے ذاتی حیثیت میں منگل 19 ستمبر جب کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کے ریفرنس میں بدھ 20 ستمبر کو طلب کیا ہے اور عدالت نے شریف فیملی کے سمن ان کی لاہور میں دونوں رہائش گاہوں ماڈل ٹاؤن اور جاتی عمرہ کے پتہ جات پر بھیجے تھے جن میں کہا گیا تھا کہ ملزمان 19 ستمبر بروز منگل احتساب عدالت میں حاضر ہو کر خود پر لگے الزامات کا جواب دیں۔

وفاقی وزیرخزانہ اسحق ڈار کو جاری ہونے والا نوٹس ان کے گلبرگ لاہور کے پتے پر جاری کیا گیا جس میں انھیں صبح 9 بجے عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔ چاروں ریفرنسوں کی سمن کی کاپیاں نامزد تمام ملزمان کو وصول کرانے کے لیے نیب لاہور کو بھیج دی گئی تھیں اور آج نیب لاہور کے افسران نے شریف خاندان سے ان سمنوں کی تعمیل کرا کے رپورٹ 19 ستمبر کو صبح عدالت پیش کرنی ہے۔

نیب لاہور نے اسلام آباد احتساب بیورو کو سمن وصولی کی رپورٹ سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ احتساب عدالت کی جانب سے نواز شریف، حسن اور حسین نوازشریف کو جاری ہونے والے سمن لاہور میں ان کی رہائش گاہ جاتی امرا کے سیکیورٹی آفیسر نے وصول کر لئے ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں