شام میں عسکری تنظیمیں روس اورامریکا سے سمجھوتہ نہ کریں،حمزہ بن لادن

شام میں عسکری تنظیمیں روس اورامریکا سے سمجھوتہ نہ کریں،حمزہ بن لادن

ریاض:القاعدہ کے مقتول سربراہ اسامہ بن لادن کے بیٹے حمزہ بن لادن نے شام میں مسلح گروپوں کو تاکید کی ہے کہ وہ شام کی سرزمین پر جہاد کے مرکزی مقصد پر توجہ مرکوز رکھیں اوروہ کسی طور بھی روس اور امریکا کے ساتھ کوئی سمجھوتہ قبول نہ کریں۔میڈیارپورٹس کے مطابق القاعدہ تنظیم کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کے بیٹے حمزہ بن لادن کی ایک نئی صوتی ریکارڈنگ سامنے آئی ہے۔

اس ٹیپ میں حمزہ نے شام میں جنگجو گروپوں کے درمیان مصالحت پر توجہ مرکوز رکھی ہے۔ ان گروپوں میں تحریر الشام اورجیش الاحرارجیسی تنظیمیں شامل ہیں۔حمزہ بن لادن کی گفتگو میں اس مداخلت کا بھی ذکر آیا ہے جو اس نے ابو محمد الجولانی کے ہیءتحریر الشام کے منحرف شرعی قاضیوں عبد اللہ المحیسنی اورمصلح العلیانی کے ساتھ اختلاف کو حل کرانے کے واسطے کی تھی۔

گفتگو میں ابو الولید نے الجولانی سے اجازت طلب کی تھی کہ شرعی قاضی عبداللہ المحیسنی کو گرفتار کرنے دیا جائے کیوں کہ وہ النصرہ محاذکے عناصر کو احرار الشام تحریک کے خلاف نہ لڑنے پر اکسا رہا ہے۔ تاہم الجولانی نے معاملے کے مزید پیچیدہ ہونے کے اندیشے کے سبب گرفتاری کی منظوری نہیں دی۔

ادھر ایک دوسری آڈیو ریکارڈنگ میں ابو حمزہ بنش اور ہیئہ تحریر الشام میں مرکزی فوج کے کمانڈر کے طور پر کام کرنے والے ابو حسین الاردنی کے درمیان بات چیت سامنے آئی۔ گفتگو سے انکشاف ہوا کہ دونوں میدانی کمانڈر الجولانی کی موافقت سے "احرار الشام" پر حملہ کرنے کے لیے متفق ہو گئے ہیں۔

دوسری جانب حمزہ بن لادن نے اپنے پیغام میں شام میں بقیہ مسلح گروپوں کو تاکید کی کہ وہ شام کی سرزمین پر جہاد کے مرکزی مقصد پر توجہ مرکوز رکھیں۔ حمزہ نے ان گروپوں کو خبردار کیا کہ وہ کسی طور بھی روس اور امریکا کے ساتھ کوئی سمجھوتہ قبول نہ کریں۔حمزہ بن لادن کی آخری آڈیو ٹیپ میں سامنے آنے والی کال القاعدہ تنظیم کی تشکیلِ نو کی کوشش معلوم ہو رہی ہے جس میں اس نے بقیہ گروپوں کو ایک قیادت اور ایک نظریے کے تحت رہنے پر زور دیا ہے۔

حمزہ نے مذکورہ گروپوں کو مخاطب کر کے کہا کہ آپ لوگوں کا معرکہ خطروں سے بھرپور ہے اور نہایت اثر انگیز ہے۔ آپ لوگوں کا دشمن انتہائی مکار ہے ، وہ آپ لوگوں کے درمیان اختلافات کو جنم دے کر آپ کی ہوا اکھاڑنے کی کوشش کر رہا ہے۔ آپ لوگ خبردار رہیں اور مل کر اللہ کی رسی کو تھامے رہیے۔