حلقہ این اے 120میں انتخابی معرکہ کل ہو گا

حلقہ این اے 120میں انتخابی معرکہ کل ہو گا

لاہور : حلقہ این اے 120 کا انتخابی معرکہ کل ہو گا، الیکشن کمیشن پنجاب نے اس انتخابی معرکے کے انعقاد کے سلسلے میں تمام انتظامات مکمل کر لئے ہیں جبکہ پاک فوج اور رینجرز کے دستوں نے اس حلقے میں پرامن اور منصفانہ انتخاب کے انعقاد کے حلقہ کے پولنگ اسٹیشنوں پر کنٹرول سنبھال لیا ہے


پاک فوج اور رینجرز کے دستے کل ہونے والے ضمنی الیکشن کے موقعہ پر حلقے کے پولنگ اسٹیشنوں کے اندر اور باہر تعینات ہونگے جبکہ پاک فوج کے ان دستوں کے ہمراہ لاہور پولیس کی بھاری نفری بھی سکیورٹی کے امور انجام دے گی یہ بھی بتایا گیا ہے کہ حلقہ این اے 120کے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں پاک فوج کے دستوں نے صوبائی الیکشن کمیشن پنجاب کے دفتر سے پولنگ میں استعمال ہونے والا سامان اپنی نگرانی میں اس حلقہ کے پولنگ اسٹیشنوں تک پہنچایا جبکہ پاک فوج کے دستوں نے گزشتہ روز حلقہ این اے 120کے مختلف علاقوں کا دورہ کیااورسکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

الیکشن کمیشن پنجاب نے مذکورہ حلقہ کے 220پولنگ اسٹیشنوں میں سے 70پولنگ اسٹیشنوں کو حساس قرار دے رکھا ہے جن پر پاک فوج کے دستوں کے ساتھ ساتھ رینجرز کے دستے بھی تعینات کیئے جائیں گے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ این اے 120کے انتخابی معرکے میں مجموعی طور پر چالیس امیدوار حصہ لے رہے ہیں جبکہ اس الیکشن میں کانٹے دار مقابلہ پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار فیصل میر پاکستان تحریک انصاف کی نامزد امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت پاکستان مسلم لیگ ن کی امیدوار بیگم کلثوم نواز کے درمیان ہو گا۔