زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ٹیکس نظام میں لانے کیلئے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی مہم تیز

زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ٹیکس نظام میں لانے کیلئے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی مہم تیز

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ٹیکس نظام میں لانے کے لئے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی مہم تیز کر دی۔ اس سلسلے میں ملازمین کے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کے لیے بڑے سرکاری اور غیر سرکاری اداروں سے رابطوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ایف بی آر کے حکام کے مطابق بورڈ نے ملک کے بڑے سرکاری اور غیر سرکاری اداروں سے رابطے شروع کئے ہیں تاکہ ان اداروں کی ملازمین کی ایک بڑی تعداد کو ٹیکس نظام کے دھارے میں لایا جا سکے ۔ اس حوالے سے ایف بی آر کے فسلیٹیشن اینڈ ٹیکس پیئرز ایجو کیشن (FATE) ونگ کے ایک وفد نے آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ، زرعی ترقیاتی بنک لمیٹڈ اور عسکری بنک لمیٹڈ کے دفاتر کے دورے کر کے ان اداروں کی انتظامیہ سے الگ الگ ملا قاتیں کیں اور ان کے اداروں کے ان ملازمین کو ٹیکس نظام کے دھارے میں لانے کے لیے تعاون اور مدد کی پیشکش کی جو قابل ٹیکس ادائیگی آمدنی ہونے کے باوجود ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کرا رہے ہیں۔

حکام کے مطابق ایف بی آر ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تعداد میں خاطر خواہ بہتری لانے کے لیے اگلے چند دنوں میں پچاس سے زائد بڑے سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کے سربراہان سے رابطہ کر ے گا تاکہ ان اداروں میں خدمات انجام دینے والے ایسے ہزاروں ملازمین کو ٹیکس گوشوارے جمع کرانے پر قائل کیا جا سکے۔ اس سلسلے میں ایف بی آر نے اداروں کو ہر قسم کی فنی تربیت اور سہولت فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔

ملا قاتوں میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ایسے تمام ملازمین جن کی سالانہ آمدنی قابل ٹیکس ادائیگی سلیب میں آتی ہے اور ان کی تنخواہ سے پہلے ہی سے ٹیکس کی کٹوتی ہو رہی ہے، کو ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کے لیے قائل کیا جا ئے گا اور اس اہم قومی فریضے کی ادائیگی میں انہیں تمام ترضروری مدد و معاونت فراہم کی جائے گی۔

مصنف کے بارے میں