حکومت کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے جامع پالیسی پر عمل پیرا ہے: ملک محمدرفیق رجوانہ

حکومت کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے جامع پالیسی پر عمل پیرا ہے: ملک محمدرفیق رجوانہ

اسلام آباد : گورنر پنجاب ملک محمدرفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ حکومت کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے جامع پالیسی پر عمل پیرا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کاپرچم بلند کرنے والے کھلاڑی قوم کے ہیروہیں اور ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بارہ سال بعد انٹرنیشنل لیول پر ڈیوس کپ ٹینس میچ کا انعقاد ہوا ہے جو کہ ملک کے لئے انتہائی فخر کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ سے نوجوانوں میں منفی سرگرمیوں کی بجائے صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ ملتا ہے اور نئی نسل کو کھیلوں کی طرف راغب کر نے سے ملک امن کا گہوارہ بن سکتا ہے ۔

انہوں نے یہ بات سپورٹس کمپلکس اسلام آباد میں منعقدہ پاکستان اور تھائی لینڈ کے مابین ہونے والے انٹر نیشنل ٹینس کپ کے موقع پر میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر سلیم سیف اللہ کے علاوہ ٹینس کے کھلاڑیوں اور ٹینس کے نیشنل و انٹر نیشنل شائقین کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ گورنر رفیق رجوانہ نے کہا کہ قومی کھلاڑیوں نے اندورون و بیرون ملک اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے ورلڈ الیون کے کھلاڑیوں کے مقابلے میں شاندار کھیل پیش کرکے آزادی کپ اپنے نام کیا ہے اور قومی کھلاڑیوں نے میچ جیت کر عوام کو خوشی کا ایک بہترین موقع فراہم کیا۔

انہوں نے کہا کہ آزادی کپ کی فتح سے ایک خوشی کی لہر کے ساتھ ساتھ دنیا میں یہ تاثر بھی پیدا ہو اکہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے اور دنیا میں کہیں بھی دہشتگردی ہو اس کی پر زور مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کپ کی جیت تحمل، برداشت اور رواداری پر مبنی پاکستان کی فتح ،ہار اور جیت سے قطع نظر آج پرامن پاکستان کی جیت ہوئی ہے جو کہ امن کے دشمنوں کے لئے پیغام ہے کہ ان کے مذموم عزائم بہادر پاکستانی قوم کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گی۔پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر سلیم سیف اللہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی دنیا میں سپورٹس کو بہت اہم مقام حاصل ہے اس لئے ملک کی لیڈر شپ کو چاہئے کہ وہ کرکٹ کے ساتھ ساتھ دیگر کھیلوں کی طر ف بھی خصوصی توجہ دیں تاکہ عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن اور ملکی وقار میں اضافہ ہو ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں انٹرنیشنل لیول پر کھیلوں کا پرامن انعقاد انتہائی خوش آئیند اقدام ہے۔