نواز شریف دنیا بھر میں جائیدادوں کی تفصیل سوچیں ٗجواب خود ہی مل جائے گا : پرویز خٹک

نواز شریف دنیا بھر میں جائیدادوں کی تفصیل سوچیں ٗجواب خود ہی مل جائے گا : پرویز خٹک

نوشہرہ کینٹ:وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ نواز شریف پوچھتے ہیں کہ اُنہیں کیوں نکالا گیا ۔نواز شریف بتائیں کہ انہوں نے دُنیا بھر میں جائیدادیں کہاں سے بنائیں ، نکالے جانے کا جواب اُنہیں خود ہی مل جائے گا۔


نوشہرہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان کو کئی دہائیوں سے ایماندار قیادت میسر نہ آئی جس کی وجہ سے ملک ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ گیا۔واحد عمران خان ہے جس نے اس کرپٹ سسٹم کو چیلنج کیا اور طاقتور مافیا کو احتساب کیلئے پیش ہونے پر مجبور کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ قوم کے مجرم سیاسی لیڈروں کی لوٹ مار کی وجہ سے عوام خصوصاً نوجوانوں نے اپنا مستقبل بدلنے کی اُمید پر تحریک انصاف کو ووٹ دیا۔موجودہ صوبائی حکومت نے اُسی تبدیلی کے منشور کے تحت صوبے میں شفاف نظام کی بنیاد رکھی۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ نہ وہ خود حرام کھاتے ہیں اور نہ کسی کو کھانے کی اجازت دیں گے ۔نظام کی اصلاح اور اداروں کی بحالی کے مجموعی عمل میں عوام کا کردار بھی بڑی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ اس سسٹم کے تسلسل کیلئے عوام کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔


حکمران اداروں کے نگران ہوتے ہیں تاکہ کوئی غلط کام نہ ہو مگر سیاسی مجرموں نے اپنے مفاد کیلئے اداروں میں مداخلت کے ذریعے ایک عجیب ڈرامہ رچایا۔عوام کا پیسہ لوٹ کر باہر لے گئے اور ملک قرضوں پر چلاتے رہے جس کے نتیجے میں پاکستان کھربوں کا مقروض بن گیا۔اب وقت ہے کہ قوم عوامی وسائل کے لٹیروں اور ملک کے خیر خواہوں میں فرق کرے، اپنے حق کیلئے لڑنا سیکھے ۔درست کی حمایت کریں اور غلط کاریوں کا راستہ روکیں ورنہ خوشحالی کے خواب دیکھنا چھوڑ دیں۔ اگر قوم خود کو ٹھیک کرے اورایماندار قیادت کو آگے لائے تو امریکہ کی مدد کی ضرورت نہیں۔بیرون ملک پاکستانی اپنا سرمایہ پاکستان میں لانے کیلئے تیار ہیں مگر ایماندار قیادت کے منتظر ہیں۔یہ امر خوش آئند ہے کہ نوجوانوں کی سوچ روایتی سیاستدانوں سے مختلف ہے جنہوں نے لٹیروں کے خلاف عمران خان کی ایماندار قیاد ت پر اعتماد کیا۔ نوجوان لوٹ مار کے خلاف ڈٹ جائیں ۔عمران خان کے آنے کی دیر ہے پھر تماشا دیکھیں لٹیروں کو بھاگنے کا راستہ نہیں ملے گا۔