مسلم لیگ(ن) الیکشن ہارے یا جیتے عوام سے رابطہ نہیں توڑتی : حنیف عباسی

مسلم لیگ(ن) الیکشن ہارے یا جیتے عوام سے رابطہ نہیں توڑتی : حنیف عباسی

راولپنڈی :مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی نے کہا ہے کہ راولپنڈی میں الیکشن ہارنے کے باوجود عوام سے خدمت کا ناطہ نہیں توڑا اور راولپنڈی میں نہ صرف تاریخی ترقیاتی کام کروائے بلکہ پنڈی کا چہرہ بدل کر اسے خوشنما بنا دیا ہے۔مسلم لیگ (ن) چاہے الیکشن جیتے یا ہارے وہ عوام سے رابطہ رکھتی ہے اور این اے 120والوں کو اس بات کا خیال رکھنا چاہیے۔


صحافیوں کے اعزاز میں ناشتے پر صحافیوں سے گفتگو کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ چالیس کروڑ کی لاگت سے راولپنڈی میں ایک ایم آر آئی مشین کی تنصیب مکمل ہوچکی ہے جبکہ دسمبر تک چالیس کروڑ لاگت کی دوسری ایم آر آئی مشین بھی نصب کردی جائے گی۔ ہم ڈرامے یا لچرگفتگو کرکے نہیں بلکہ عملی کام اور عوام کی خدمت کرکے سیاست کررہے ہیں۔


انہوں نے بتایا کہ جو شخص کل میاں نواز شریف کے بچوں کو گود میں اٹھا کر ان کے منہ میں فیڈر ڈالا کرتا تھا آج انہی کے خلاف گندی زبان استعمال کررہا ہے اور اس کی مقبولیت کا حال یہ ہے کہ راولپنڈی کی خوشی و غمی میں شرکت سے گھبراتے ہوئے یہاں سے دور بھاگتا ہے اور خود کو اسلام آباد کے لوگوں کی غمی و خوشی تک محدود کرلیا ہے۔