گورنر ہاﺅس پنجاب کو عوام کیلئے کھول دیا گیا

گورنر ہاﺅس پنجاب کو عوام کیلئے کھول دیا گیا
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور:نئے پاکستان کی حکومت نے ایک اور شاندار کام کرتے ہوئے اپنے وعدے کو پورا کردیا ہے اور گورنر ہاﺅس پنجاب کو آج عوام کیلئے کھول دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق حکومت کی کفایت شعاری مہم کے تحت جہاں وزیراعظم و گورنر ہاؤسز کے اخراجات میں کمی لائی جارہی ہے وہیں انہیں عوام کے لیے بھی کھولنے کا سلسلہ جاری ہے۔گورنر ہاو¿س سندھ اور گورنر ہاو¿س مری کے بعد آج گورنر ہاؤس پنجاب کو بھی عوام کے لیے کھول دیا گیا۔


مقررہ وقت سے پہلے ہی لوگوں کی بڑی تعداد گورنر ہاؤس کے باہر جمع ہونا شروع ہوئی جنہیں 10 بجتے ہی گورنر ہاؤس کے کشمیر روڈ کے گیٹ سے اندر جانے کی اجازت دی گئی۔


گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کے اعلان کے مطابق عوام اپنے اہل خانہ کے ہمراہ ہر اتوار صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک گورنر ہاؤس کی سیر کر سکیں گے، صوبائی وزرا اور اراکین اسمبلی گورنر ہاؤس آمد پر شہریوں کا استقبال کریں گے۔گورنر پنجاب کے مطابق گورنر ہاؤس کا چڑیا گھر اور پارک بھی شہریوں کی اچھی تفریح کا باعث بنے گا۔


انتظامیہ کی جانب سے سیر کے لیے گورنر ہاؤس آنے والے اہلخانہ کے سربراہ کے پاس شناختی کارڈ لانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔


انتظامیہ کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ شہری غیر متعلقہ چیزوں کو نہ چھوئیں، ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں سے تعاون کریں اور گورنر ہاؤس کی املاک کو نقصان پہنچانے سے گریز کریں۔