پاکستان کا مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم

پاکستان کا مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم
بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے سے پاکستانی موٴقف کو تقویت ملی ہے، شاہ محمود۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ ریڈیو پاکستان

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے سے پاکستانی موٴقف کو تقویت ملی ہے۔اپنے بیان میں وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ بہت بڑی کامیابی ہے۔ اس سے کشمیریوں کا حوصلہ مزید بلند ہو گا اور غلام نبی آزاد کو سری نگر جا کر حقائق دنیا کے سامنے لانے ہوں گے۔ غلام نبی آزاد کے ساتھ میڈیا وفد کو بھی جانے کی اجازت ہونی چاہیے۔ فیصلے پر عمل نہیں ہوتا تو بھارتی آئین درہم برہم ہو جائے گا۔


شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں تمام عالمی قوانین کو پامال کر رہی ہے۔ بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے سے پاکستانی موٴقف کو تقویت ملی ہے اور پاکستان ہر محاذ پر مقبوضہ کشمیر کا معاملہ اٹھاتا رہے گا۔

خیال رہے کہ بھارتی سپریم کورٹ نے مودی سرکار کو مقبوضہ کشمیر میں حالات معمول پر لانے کا حکم دیا ہے۔