ملالہ یوسف زئی اب عالمی امور پر مبنی فلم میں نظر آئیں گی

ملالہ یوسف زئی اب عالمی امور پر مبنی فلم میں نظر آئیں گی

لندن :کم عمر نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی اب عالمی امور پر مبنی فلم میں نظر آئیں گی۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق کم عمر ترین نوبل انعام یافتہ تعلیمی و سماجی رہنما ملالہ یوسف زئی اب عالمی امور پر مبنی فلم میں نظر آئیں گی۔ اقوام متحدہ نے عالمی امور پر مبنی اپنی اس فلم کے لیے ملالہ یوسف زئی اور گلوکارہ بیونس سمیت دیگر مشہور شخصیت کو منتخب کیا ہے۔اقوام متحدہ نے بتایا کہ اس فلم میں ایک بہتر اور ترقی یافتہ دُنیا کی تعمیر کے لیے درکار اقدامات کا تعین کیا گیا ہے کیونکہ عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے دُنیا بھر میں کافی مسائل پیدا ہوگئے ہیں۔

30 منٹ پر مشتمل  فلم کا عنوان ہے ’’ارجنٹ سلوشن فار ارجنٹ ٹائمز‘‘ جس کا پریمیئر 19 ستمبر کو اقوام متحدہ کے یوٹیوب چینل پر پیش کیا جائے گا۔بین الاقومی خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی امور پر مبنی یہ فلم سیارے کی نشاندہی پر مشتمل ہے جو 10 سالوں میں ہماری دُنیا کو تبدیل کرسکتی ہے۔اس فلم میں گلوکارہ بیونس، ملالہ یوسف زئی، ڈان چیڈل، مشیل یہو اور وائٹیکر نظر آئیں گے جبکہ عالمی امور پر مبنی اس فلم میں اقوام متحدہ کی ڈپٹی سیکریٹری جنرل آمنہ محمد اور سیکریٹری جنرل انتونیو گٹیرس بھی دکھائی دیں گی۔

دوسری جانب اقوام متحدہ نے بتایا کہ آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ جولیا رابرٹس اس فلم کی ریڈیو نشریات اور پوڈ کاسٹ ورژن کی میزبانی کریں گی۔