سعودی عرب کا سفری پابندی والے ممالک سے مسافروں کی براہ راست آمد پر پابندی برقرار رکھنے کا اعلان

سعودی عرب کا سفری پابندی والے ممالک سے مسافروں کی براہ راست آمد پر پابندی برقرار رکھنے کا اعلان
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

ریاض: سعودی عرب نے سفری پابندیوں والے ممالک سے مسافروں کی براہ راست مملکت آمد پر عائد پابندی برقرار رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سفری پابندی سے مستثنیٰ ممالک میں 14 روزہ قرنطینہ کرنے والے افراد مملکت میں داخل ہو سکیں گے۔ 
سعودی حکومت کی جانب سے چند ماہ قبل کورونا وائرس کی ڈیلٹا قسم کے پھیلاؤ کی وجہ سے پاکستان اور بھارت سمیت کئی ممالک سے مسافر پروازوں کی براہ راست سعودی عرب آمد پر پابندی عائد کی گئی تھی جو تاحال برقرار ہے تاہم کچھ روز قبل سفری پابندیوں میں کچھ نرمی کرتے ہوئے اعلان کیا گیا تھا۔ 
مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان سمیت وہ تمام ممالک جن پر سفری پابندیاں عائد ہیں، اگر ان ممالک میں کوئی ایسا شخص موجود ہے جو سعودی عرب سے کورونا ویکسین کی دونوں ڈوز لگوانے کے بعد بیرون ملک گیا، تو اس شخص کو براہ راست سعودی عرب واپسی کی اجازت ہے، لیکن سفری پابندیوں کے شکار ممالک میں موجود وہ سعودی اقامہ ہولڈرز جنہوں نے بیرون ملک سے کورونا ویکسین لگوائی، انہیں تاحال براہ راست مملکت واپسی کی اجازت نہیں دی گئی۔ 
سعودی حکومت نے اس بابت واضح کیا تھا کہ ایسے افراد اگر سفری پابندیوں والے ممالک میں ویکسین لگوانے والے اقامہ ہولڈرز اگر سفری پابندیوں سے مستثنیٰ ممالک کا سفر کریں اور وہاں 14 روز کا قیام مکمل کر لیں تو پھر انہیں سعودی عرب داخل ہونے کی اجازت مل جائے گی تاہم اس حوالے سے دیگر شرائط پوری کرنا بھی لازم ہو گا۔