پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی 20 سیریز کی سیکیورٹی کیلئے پاک فوج اور رینجرز سے مدد طلب

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی 20 سیریز کی سیکیورٹی کیلئے پاک فوج اور رینجرز سے مدد طلب
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پنجاب حکومت نے پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان سیریز کے سیکیورٹی انتظامات کیلئے پاک فوج اور رینجرز کی مدد طلب کر لی ہے۔ 
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم 18 سال کے طویل عرصے بعد پاکستان کا دورہ کر رہی ہے جس کی آمد سے قبل ماہرین کی ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات پر تسلی بخش جواب دیا جس کے کیوی ٹیم کا دورہ ممکن ہوا۔ 
نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان ون ڈے اور ٹی 20 سیریز کھیلی جائے گی، ون ڈے سیریز کا آغاز 17 ستمبر سے راولپنڈی میں ہو گا جبکہ ٹی 20 سیریز کے تینوں میچز قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ 
پیراملٹری فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے قذافی سٹیڈیم لاہور میں ٹی 20 سیریز کیلئے سیکیورٹی انتظامات شروع کر دئیے ہیں جبکہ پنجاب کے ہوم ڈیپارٹمنٹ نے پنجاب پولیس سے فول پروف سیکیورٹی پلان تیار کرنے کا کہا ہے۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق افواج پاکستان اور رینجرز کے حکام نے قذافی سٹیڈیم لاہور کا دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے جائزہ لینے کیساتھ ساتھ اہلکاروں کی تعیناتی اور دیگر حفاظتی اقدامات کے حوالے سے منصوبہ بندی کی۔