پاکستان میں تیل کی قیمتیں اب بھی خطے میں سب سے کم ہیں: فواد چودھری  

Pakistan's oil prices are still the lowest in the region: Fawad Chaudhry
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہمارے ملک میں تیل کی قیمتیں اب بھی خطے میں سب سےکم ہیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں فواد چودھری نے کہا کہ یا تو تین سالوں میں تیل کے کنوئیں نکل آتے، ورنہ ظاہر ہے جب آپ نے تیل باہر سے خریدنا ہے تو قیمتیں بڑھیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہی اصول باقی درآمدات کیلئے ہے۔ اصل کامیابی یہ ہے کہ 75 فیصد آبادی کی آمدنی میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کی قوت خرید ہندوستان سے بہتر ہے، تنخواہ دار طبقے کی مشکلات اپنی جگہ لیکن 60 فیصد آبادی زراعت سے وابستہ ہے جن کو 1100 ارب روپے اضافی آمدنی ہوئی۔

فواد چودھری نے دعویٰ کیا کہ پاکستان میں تعمیرات اور انڈسٹری سے وابستہ کروڑوں لوگوں کی آمدن میں بھی اضافہ ہوا جبکہ مستری اور مزدور کی دیہاڑی تین گنا بھی بڑھی۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو مہنگائی کے عذاب سے دوچار عوام پر ظلم قرار دیتے ہوئے وزیراعظم سے سوال پوچھا ہے کہ پاکستان میں پیٹرول کی قیمتوں میں پانچ روپے مزید اضافہ کر دیا گیا ہے، عمران خان صاحب سے پوچھنا تھا کہ عوام کے دن کب اچھے ہونگے۔