قیادت کے درمیان اختلاف کی خبریں بے بنیاد ہیں: طالبان  

News of differences between leadership is baseless: Taliban
کیپشن: فائل فوٹو

کابل: افغان طالبان نے قیادت کے درمیان اختلاف کی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔ طالبان رہنما انس حقانی کا کہنا ہے کہ طالبان قیادت میں کسی قسم کے جھگڑے اور تصادم کی افواہیں بے بنیاد ہیں۔

ادھر افغانستان کے نائب عبوری وزیراعظم ملا عبدالغنی برادر نے ایک ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ وہ قندھار میں اپنی رہائشگاہ پر صحیح سلامت ہیں۔ طالبان قیادت کے درمیان کسی قسم کا اختلاف نہیں، کسی کام کے باعث میڈیا سے دور رہے۔

خیال رہے کہ ملا عبدالغنی برادر کافی دنوں سے منظر نامے سے غائب تھے۔ اس صورتحال میں غیر ملکی میڈیا نے طالبان قیادت کے درمیان اختلافات کی خبریں چلانا شروع کر دی تھیں۔ کہا جا رہا تھا طالبان رہنما انس حقانی کے درمیان تلخ کلامی کے بعد کہ ملا عبدالغنی برادر قندھار چلے گئے تھے۔

یہ بات بھی ذہن میں رہے کہ طالبان کے سربراہ ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ ابھی تک منظر عام پر نہیں آئے۔ ان کے حوالے سے قیاس آرائیاں بڑھتی جا رہی ہیں۔

ملا عبدالغنی کے حالیہ انٹرویو میں انہوں نے طالبان رہنماؤں سے اختلافات اور زخمی ہونے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ہم سفر میں تھے، اس لئے میڈیا تک رسائی ممکن نہیں تھی۔

طالبان کے عبوری وزیراعظم نے دعویٰ کیا کہ انھیں قطری وزیر خارجہ کے دورہ افغانستان کی کوئی اطلاع نہیں تھی، اگر انھیں اس دورے کا علم ہوتا تو وہ اپنا سفر ملتوی کر دیتے۔