جام کمال وزارت اعلیٰ بچانے کیلئے متحرک ، یار محمد رند کے گھر پہنچ گئے

جام کمال وزارت اعلیٰ بچانے کیلئے متحرک ، یار محمد رند کے گھر پہنچ گئے
سورس: فائل فوٹو

کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان سردار جام کمال اپنی کرسی بچانے کے لیے متحرک ہوگئے ہیں ۔ تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے کے لیے وزیر اعلی بلوچستان جام کمال صوبائی وزراء ، اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کے ہمراہ پارلیمانی سربراہ پاکستان تحریک انصاف سردار یار محمد رند کےگھر پہنچ گئے ۔

نیو نیوز کے مطابق سردار جام کمال اور سردار یار محمد رند کے درمیان ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی ۔پارلیمانی سربراہ پاکستان تحریک انصاف نے موجودہ صورتحال پر پارلیمانی کمیٹی کے اراکین سے مشاورت اور وزیر اعظم عمران خان سے حتمی منظوری کے لیے وقت مانگ لیا۔

وزیر اعلیٰ سے ملاقات کے بعد سردار رند نے پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی کمیٹی کا اہم اجلاس کل طلب کرلیا ۔ پارلیمانی کمیٹی اجلاس میں تمام اراکین اسمبلی سے مشاورت کی جائے گی۔ پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کے فیصلے کی حتمی منظوری وزیر اعظم عمران خان سے لی جائے گی۔ 

واضح رہے کہ اپوزیشن نے سردار جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی ہے۔ تحریک پر اپوزیشن کے 16 ارکان کے دستخط ہیں۔