حج کیلئے درخواستوں کی وصولی کا عمل آج سے شروع ہو گا

حج کیلئے درخواستوں کی وصولی کا عمل آج سے شروع ہو گا

اسلام آباد:سرکاری اسکیم کےتحت حج درخواستوں کی وصولی کاعمل آج سےشروع ہوگا جو رواں ماہ 26اپریل تک جاری رہےگا۔تفصیلات کےمطابق حج پالیسی کےمطابق رواں سال فریضہ حج کی ادائیگی کے خواہشمند افراد سے سرکاری اسکیم کے تحت حج درخواستوں کی وصولی کا عمل آج سےشروع ہوگا۔

درخواست گزاراپنےفارم رواں ماہ کی 26 تاریخ تک بینکوں میں جمع کراسکتے ہیں جبکہ اس ماہ کی28 تاریخ کو قرعہ اندازی ہوگی۔سرکاری اسکیم کے تحت حج درخواستیں حبیب بینک لمیٹڈ،یونائٹیڈ بینک لمیٹڈ، نیشنل بینک آف پاکستان، مسلم کمرشل بینک، الائیڈ بینک لمیٹڈ، زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ، بینک آف پنجاب، بینک الفلاح ،میزان بینک اور حبیب میٹرو بینک کی شاخوں میں جمع کرائی جاسکتی ہے۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق کراچی،کوئٹہ اورسکھرکےعازمین امسال 2 لاکھ 70ہزارروپےجمع کرائیں گےجبکہ پنجاب،خیبرپختونخوا کےعازمین حج کےلیے 2لاکھ 80 ہزار روپے جمع کرائیں گےتاہم قربانی کے 13 ہزار 50 روپے حج پیکج کےعلاوہ جمع کرانا ہوں گے۔

سرکاری حج اسکیم کےتحت ایک لاکھ 7 ہزار 526 عازمین کےلیےقرعہ اندازی 28 اپریل کوہوگی۔خیال رہےکہ کامیاب درخواست گزاروں کو خطوط اورایس ایم ایس کےذریعے آگاہ کیاجائے گا۔ان امیدواروں کےلیے قرعہ اندازی کے نتائج ان ویب سائٹوں پربھی دستیاب ہوں گے۔

یاد رہےکہ گزشتہ ہفتےوفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کااجلاس ہوا تھا جس میں حج پالیسی 2017 کی منظوری دے دی گئی تھی۔

وزیراعظم میاں محمدنوازشریف نےوزارت مذہبی امور کو ہدایت کی تھی کہ وہ حجاج کرام کی سہولت کےلیےبہترین اقدامات کرے۔

واضح رہےکہ وفاقی وزیر مذہبی امورسردارمحمد یوسف کا کہنا تھا کہ حج پالیسی 2017 کےتحت ایک لاکھ 89 ہزار حجاج سرکاری کوٹے پر اور 71 ہزار 6 سو چوراسی افراد پرائیوٹ کوٹے پر حج کے لیے جائیں گے۔