امریکی پولیس کو فیس بک پر قتل کی ویڈیو چلانے والے شخص کی تلاش

امریکی پولیس کو فیس بک پر قتل کی ویڈیو چلانے والے شخص کی تلاش

نیو یارک: امریکی پولیس نے فیس بک پرایک شخص کو لائیو قتل کرتے ہوئے دکھانے والے ملزم کی تلا ش شروع کردی۔ امریکی ریاست اوہایو میں کلیولینڈ پولیس اس شخص کی تلاش میں ہے جس نے ایک شخص کے قتل کو فیس بک پر لائیو نشر کیا تھا۔

سٹیو سٹیفن نامی مشتبہ شخص نے ایک علیحدہ ویڈیو پوسٹ میں کہا ہے کہ اس نے 13 افراد کا قتل کیا ہے اور وہ مزید قتل کرنے والا ہے۔ کلیولینڈ پولیس کے سربراہ کالون ولیئمز نے ایک ہلاکت کی تصدیق کی ہے اور کہا کہ انھیں باقی کسی اور ہلاکت کی معلومات نہیں ہیں۔ ولیمز نے کہا ہے کہ مختلف قسم کی سکیورٹی فورسز مسٹر سٹیفن کی تلاش میں ہیں۔

کلیولینڈ پولیس نے ان کا شکار ہونے والے کی شناخت 74 سالہ رابرٹ گاڈون کے طور پر کی ہے۔ پولیس سربراہ کالون ولیئمز نے اتوار کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے میں آج رات مزید خون بہانے کی ضرورت نہیں۔ ہمیں اسے آج کسی نتیجے پر پہنچانا ہے۔ ہمیں سٹیو کو گلیوں سے نکال کر لانا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حکام نے اس 'احمقانہ' واقعے کے بارے میں 'اوہایو ریاست اور اس کے باہر' انتباہ جاری کرتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس شخص کے قریب مت جائیں۔ حکام کے مطابق وہ شخص ممکنہ طور پر مسلح ہے اور خطرناک ہے۔