لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری

لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری
پنجاب کے مختلف علاقوں میں رات بھر بادل برستے رہے۔۔۔۔۔فوٹو/ بشکریہ ساجد رانا

لاہور: لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ کئی شہروں میں گندم کی فصل تباہ ہو گئی۔ اوکاڑہ کے علاقے حویلی لکھاں کے محلہ اسلام نگر میں بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی جس سے 3 بچیاں جاں بحق اور 3 افراد شدید زخمی ہو گئے۔


گوجرانوالہ میں بھی مکان کی چھت گرنے سے 2 خواتین اور 2 بچے زخمی ہوئے۔ ضلع باجوڑ کی تحصیل خار میں بھی مکان کی چھت گر گئی جس سے ایک بچہ جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔

رات سے جاری بارش کے باعث لاہور میں نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ سڑکوں اور انڈر پاسز پر پانی کھڑا ہو گیا۔ علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر فضائی آپریشن بھی متاثر رہا اور بجلی کی آنکھ مچولی بھی جاری رہی۔

پنجاب کے مختلف علاقوں میں رات بھر بادل برستے رہے۔ منڈی بہاءالدین میں تیز بارش سے گندم کی فصل کو نقصان پہنچا، جھنگ میں بھی بارش سے کاروبار زندگی متاثر ہو گیا۔ قصور، ظفروال، پتوکی، شور کوٹ، چینوٹ، ہارون آباد اور دیگر علاقوں میں بھی بارش اور ژالہ باری سے گندم کی فصل تباہ ہو گئی۔

محکمہ موسمیات نے کسانوں کو خبردار کیا ہے وہ آندھی، بارش اور ژالہ باری کے پیشِ نظر اپنی فصلوں کی حفاظت کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔