آج کے واقعہ پر افسوس ہوا،ذاتی ایجنڈوں کی وجہ سے کرکٹ کوتباہ نہیں ہوناچاہیے:احسان مانی

آج کے واقعہ پر افسوس ہوا،ذاتی ایجنڈوں کی وجہ سے کرکٹ کوتباہ نہیں ہوناچاہیے:احسان مانی
کیپشن: تصویر بشکریہ پی سی بی ٹوئٹر

کوئٹہ:پی سی بی میں سر اٹھانے والی نئی بغاوت کے حوالے سے ردعمل دیتے ہوئے چیئرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ آج کے واقعہ پرافسوس ہوا، ذاتی مفادات کی پی سی بی میں کوئی گنجائش نہیں، کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، تبدیلیاں ہوکر رہیں گے،ذاتی ایجنڈوں کی وجہ سے کرکٹ کوتباہ نہیں ہوناچاہیے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین احسان مانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان کرکٹ کوآگے لے جاناچاہتے ہیں،گورننگ بورڈ اجلاس میں کرکٹ کی بہتری پربات کرناچاہتے تھے جبکہ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، تبدیلیاں ہوکر رہیں گے۔احسان مانی نے مزید کہا کہ خوشی ہے پی سی بی بورڈ کی کوئٹہ میں میٹنگ رکھی، بلوچستان میں کرکٹ کے فروغ کیلئے وزیر اعلیٰ سے ملاقات ہوئی، اجلاس میں ایجنڈے پر آئے تو 5 ارکان نے 6 نکاتی قرارداد پیش کی، ایم ڈی پی سی بی وسیم خان کی تعیناتی بورڈ آف گورنرز کا فیصلہ تھا۔

انہوں نے کہا ہم علاقائی سطح پر کرکٹ کو فروغ دینا چاہتے ہیں، کرکٹ میں اصلاحات کو کوئی نہیں روک سکتا، کوئی پی سی بی بورڈ کا اجلاس ہائی جیک نہیں کرسکتا۔ احسان مانی کا کہنا تھا بورڈ کے جو فیصلے پہلے ہوچکے وہ تبدیل نہیں ہوں گے، ہم نے شروع سے کہا ہے ہم کرکٹ کو بہتر کریں گے، کسی کو غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں کوئی رکاوٹ آئے گی۔

ادھر ممبر بورڈ آف گورنر نعمان بٹ نے کہا ہے کہ ایم ڈی پی سی بی کی منظوری آج کے اجلاس میں ہونی تھی، پی سی بی کے آئین میں ایم ڈی کی کوئی گنجائش نہیں، بائیکاٹ نہیں کیا، اپنی قرارداد پاس کی ہے، 30 اپریل کو دوباہ اجلاس بلانے کا کہا ہے۔

نعمان بٹ کا کہنا تھا چیئرمین پی سی بی کے بیان پر افسوس ہوا، ان کو جھوٹ نہیں بولنا چاہیئے، ایم ڈی کی تنخواہ وزیراعظم سے زیادہ ہے، کرکٹ بورڈ کے آئین میں ایم ڈی کی گنجائش نہیں۔ انہوں نے کہا ہم نے گورننگ باڈی اجلاس کا بائیکاٹ نہیں کیا، ایجنڈے کو ہم نے اکثریت سے مسترد کر دیا، چیئرمین پی سی بی کا رویہ آمرانہ ہے۔