پاکستان کرکٹ بورڈ کو آئینی بحران کا سامنا

پاکستان کرکٹ بورڈ کو آئینی بحران کا سامنا
کیپشن: image by facebook

لاہور :پاکستان کرکٹ بورڈ کو اپنے ہی گورننگ بورڈ کے چند ارکان کی جانب سے بعض معاملات پر اختلاف رائے کے سبب آئینی بحران کا سامنا ہے۔ ان معاملات میں ڈومیسٹک کرکٹ سمیت منیجنگ ڈائریکٹر کی تقرری کا معاملہ شامل ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کا اجلاس بدھ کے روز کوئٹہ میں ہونا تھا جس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے آئین سے متعلق ٹاسک فورس کی رپورٹ کا جائزہ لیا جانا تھا۔

اس کے علاوہ ایجنڈے میں چند دیگر نکات بھی شامل تھے لیکن گورننگ بورڈ کے پانچ ارکان جن میں ایک ڈپارٹمنٹ کا اور چار ریجنل نمائند شامل تھے، ایک قرارداد پیش کرنا چاہتے تھے جس کی وجہ سے یہ اجلاس جاری نہ رہ سکا۔

پی سی بی کے گورننگ بورڈ کے پانچ ارکان کی جانب سے سامنے لائی گئی قرارداد میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈومیسٹک کرکٹ میں ڈپارٹمنٹس کو ختم کیے جانے کے عمل کو مسترد کردیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ اس سے کئی کرکٹر بے روزگار ہوجائیں گے۔

قرارداد میں یہ کہا گیا ہے کہ اس سلسلے میں ایک کمیٹی بنائی جائے جو صورتحال کا جائزہ لے اور اپنی تجاویز بورڈ کے اگلے اجلاس میں پیش کرے۔