شہزادہ فلپ کی آخری رسومات آج ادا کی جائیں گی

شہزادہ فلپ کی آخری رسومات آج ادا کی جائیں گی
کیپشن: شہزادہ فلپ کی آخری رسومات آج ادا کی جائیں گی
سورس: file

لندن : ملکہ برطانیہ کے شوہر شہزادہ فلپ کی آخری رسومات آج ادا کی جائیں گی۔کورونا وائرس کی پابندیوں کے باعث صرف 30 افراد شرکت کر سکیں گے۔


برطانوی میڈیا کے مطابق برطانوی آرمڈ فورسز کے سربراہ جنرل سر نک کارٹر نے کہا ہے کہ ڈیوک آف ایڈنبرا پرنس فلپ کی آخری رسومات آج ادا کی جا رہی ہیں۔ آرمڈ فورسز کے سربراہ جنرل سر نک کارٹرآخری رسومات کے جلوس کے حصے کے طور پر تابوت کے ساتھ چلیں گے جبکہ ان کے چاروں بچے بھی لینڈ روور ہیئرس کے پیچھے چلیں گے۔ 


ڈیوک آف ایڈنبرا پرنس فلپ کی فیونرل ونڈسرکاسل کے گرائونڈ میں سینٹ جارج چیپل میں ہوگی۔بکنگھم پیلس نے کہا کہ اصل تیار شدہ 800 افراد کی بڑی فہرست سے ملکہ کو سوگواروں کا انتخاب کرنے میں بہت مشکل فیصلوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ وہ چاہتی تھیں کہ فیونرل میں ان کے شوہر کے کنبے کی تمام شاخوں کی نمائندگی ہو جائے لیکن واضح طور پر کورونا وائرس کوویڈ 19 سے یہ خواہش قدرے متاثر ہوئی ہے، بہرحال اس میں فوجی موجودگی کی جھلک ہوگی۔


 جنرل سر نک کارٹر نے دوسری جنگ عظیم میں رائل نیوی میں خدمات انجام دینے والے پرنس فلپ کے غیر معمولی جنگی ریکارڈ اور درجنوں مختلف ملٹری ڈیکوریشنز اور ایوارڈز پر تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ لوگ یہ محسوس کریں گے کہ ان کی زندگی کیسی تھی اور وہ ان کی کامیابیوں اور انہوں نے 99 برسوں میں جو کچھ کیا، کے بارے میں جان کر حیرت زدہ بھی ہوں گے۔


 ملکہ نے فیصلہ کیا ہے کہ رائل فیملی کا کوئی بھی ممبر ملٹری یونیفارم نہیں پہنے گا اور جو بھی فیونرل میں شرکت کرے گا وہ اس کے بجائے میڈلز کے ساتھ مارننگ کوٹ یا ڈے ڈریس زیب تن کرے گا۔ اس سوال پر کہ آیا اس فیصلے سے ملٹری حلقوں میں مایوسی ہے تو جنرل نک کارٹر نے کہا کہ نہیں مجھے ایسا بالکل نہیں لگتا۔ میرے خیال میں ہمیں وہ کام کرنا چاہئے جس کی خواہش رائل فیملی کرتی ہے اور ہم اس کا مکمل احترام کرتے ہیں۔ 


انہوں نے کہا کہ جیسا کہ لوگ ہفتہ کو دیکھیں گے اور مجھے امید ہے کہ لوگ اسے دیکھنے میں دل چسپی لیں گے اور اسے ٹیون کریں گے۔ یہ ایک بہت ہی یادگار لمحہ ہوگا اور جیسا کہ میں نے پہلے کہا یہ ان کی زندگی کی تقریب منانا ہوگی۔ پرنس فلپ 99 سال کی عمر میں جمعہ 9 اپریل کو ونڈسر کاسل میں انتقال کر گئے تھے۔ ان کی  میت   محل کے پرائیویٹ چیپل میں رکھی ہوئی ہے۔ بکنگھم پیلس کے مطابق فیونرل سیریمونیئل حصے ڈیوک کی خواہشات کے مطابق رکھے گئے ہیں۔ 


چیپل کیلئے جلوس کی قیادت گرینیڈیئر گارڈز کا بینڈ کرے گا جس کے بعد ہائوس ہولڈ ڈویژن اور ملٹری سروس چیفس ہو ں گے۔ ڈیوک کے چاروں بچے پرنس آف ویلز، پرنسس رائل، ڈیوک آف یارک اور ارل آف ویسیکس نیز ڈیوک کے پوتے ڈیوک آف کیمبرج اور ڈیوک آف سسیکس تابوت کے پیچھے چلیں گے۔ ملکہ جلوس کے اختتام پر سٹیٹ بینٹلی میں لیڈی ان ویٹنگ کے ساتھ سفر کریں گی اور سائیڈ ڈور سے چیپل میں داخل ہوں گی۔


 کورونا وائرس کوویڈ 19 لاک ڈاؤن رولز کے مطابق چیپل کے اندر 30 افراد کا اجتماع ہوگا، ان کے چہروں پر ماسک ہوں گے اور وہ سماجی فاصلہ برقرار رکھیں گے۔ ملکہ تنہا بیٹھی ہوں گی۔ دیگر سوگواروں میں ڈچز آف کارن وال اور ڈچز آف کیمبرج، ڈیوک کے تمام پوتے پوتیوں اور ان کی شریک حیات، ملکہ کی بہن شہزادی مارگریٹ کے بچے اور برنارڈ، ہیئرڈائٹری پرنس آف بیڈن، ڈوناٹس، پرنس اور لینڈ گریو آف ہیسی اور پرنس فلپ، دی کاونٹس ماؤنٹ بیٹن آف برما اور دیگر شامل ہیں۔