حکومت کا رانا ثناء اللہ کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کرانے کا اعلان

حکومت کا رانا ثناء اللہ کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کرانے کا اعلان
کیپشن: حکومت کا رانا ثناء اللہ کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کرانے کا اعلان
سورس: file

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا ہے کہ ریاست کمزور نہیں ہے۔ سرکاری افسران کا تحفظ کیا جائے گا۔ سرکاری افسران کو دھمکیاں دینے پر رانا ثناءاللہ کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کرائیں گے۔ جہانگیر ترین اپنا مقدمہ عدالت میں لڑیں۔ 


فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے کہا کہ تحریک لبیک پر پابندی کا فیصلہ حکومت کا اپنا تھا۔ کسی بیرونی ملک نے پابندی کا مطالبہ نہیں کیا۔ نبی کریم ﷺ کی حرمت پیاری نہ ہو تو ہم مسلمان ہی نہیں۔ سوشل میڈیا پر عارضی پابندی لگائی گئی تھی۔


انہوں نے کہا کہ حکومت نے جو کچھ کیا عوام کے تحفظ کے لیے کیا۔ ٹی ایل پی کالعدم ہوچکی ہے،اس کے ساتھ کئے معاہدے ختم ہوچکے ہیں۔قانون کے مطابق گرفتار افراد کیخلاف کارروائی ہوگی۔


جہانگیر ترین سے متعلق انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین کے اوپر جو الزام ہے وہ انہیں عدالت میں ثابت کرنا ہے۔جہانگیر ترین سے ہمارا یا ان کا حکومت کے ساتھ کوئی مسئلہ نہیں۔جہانگیر ترین اپنا مقدمہ عدالت میں لڑیں گے اور آئین وقانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔

انہوں نے نواز شریف کے گھر گرانے سے متعلق سوال پر کہا کہ رائیونڈ کے علاقے میں کسی گھر کو گرانے کی بات نہیں ہوئی ۔وزیراعظم کو ایک رپورٹ دی گئی تھی جس میں بتایا گیا سرکاری زمینوں پر قبضےکئےگئے ہیں۔ان قبضہ مافیا میں ایم این اے اور ایم پی اے شامل ہیں جنہوں نے اپنے علاقے میں قبضے کئے۔

فواد چودھری نے کہاکہ موضع مانک کی سرکاری زمین ایک بے نامی خاتون کے نام پر ظاہر کی گئی۔اس خاتون سے وہ زمین نوازشریف کی والدہ کے نام منتقل ہوئی۔زمینوں سے متعلق مسلم لیگ (ن) سول کورٹ میں گئی ہے۔قانونی طور پر اس کیس کو فالو کیا جائے گااور قانون کی زبان میں جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ  پاکستان کی ریاست ایک عظیم ریاست ہے،اسے کسی طور کمزور نہیں کیا جاسکتا ۔ن لیگ کو مخاطب کرتے کہا کہ اگر یہ سمجھتے ہیں بلوے کرکے حکومت کی رٹ چیلنج کریں گے تو ان کی بھول ہے۔رٹ چیلنج کریں تو قانون حرکت میں آئے گا۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ رانا ثنا اللہ نے کل جو زبان استعمال کی وہ قابل مذمت ہے۔ ان کی زبان ویسی ہی تھی جیسی بانی متحدہ کی ہوتی تھی۔راناثنا اللہ کی دھمکی آمیز زبان کیخلاف دہشت گردی کا پرچہ کٹوانے جا رہے ہیں۔ انہیں اپنی بدزبانی کا جواب دینا ہوگا۔ انہیں بانی متحدہ بننے کا جو نیا شوق ہوا ہے اسے دماغ سے نکال دیں۔