سینیٹرشبلی فراز اور شوکت ترین نے عہدوں کا حلف اٹھا لیا

سینیٹرشبلی فراز اور شوکت ترین نے عہدوں کا حلف اٹھا لیا
سورس: file photo

اسلام آباد،سینیٹر شبلی فراز اور شوکت ترین نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھالیا ۔تفصیلات کے مطابق ایوان صدر اسلام آباد میں وفاقی وزرا کی حلف برداری کی تقریب ہوئی، جس میں کابینہ میں شامل ہونے والے شوکت ترین اور شبلی فراز سے صدر مملکت عارف علوی نے حلف لیا۔

شوکت ترین کو حماد اظہر کی جگہ وزارت خزانہ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، جب کہ فواد چوہدری کو وزارت اطلاعات کا قلمدان دے کر شبلی فراز کو وزیر سائنس و ٹیکنالوجی بنایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے کابینہ میں ردوبدل کی تھی، جس میں وفاقی وزیر حماد اظہر سے وزارت خزانہ اور عمرایوب سے وزارت توانائی کا چارج واپس لے لیا گیا تھا،اور اس کے بدلے حماد اظہر کو وزارت توانائی اور عمرایوب کو وزیراقتصادی امور مقرر کیا گیا تھا، جب کہ وفاقی وزیر خسرو بختیار کو وزیرصنعت و پیداوار، فواد چوہدری کو وزیر اطلاعات بنانے کی منظوری دی گئی تھی۔

یاد رہے چند روز قبل وزیراعظم نے عبدالحفیظ شیخ کو وزیر خزانہ کے عہدے سے ہٹاتے ہوئے حماداظہر کو ‏نیا وزیر مقرر کیا تھا، حماداظہر صرف اٹھارہ روز تک یہ قلمدان سنبھال سکے۔

خیال رہے وزیراعظم عمران خان نے معاشی ٹیم میں توسیع کے سلسلے میں شوکت ترین کو ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا تھا، شوکت ترین پیپلزپارٹی دور میں بھی وزیرخزانہ رہ چکےہیں اور معیشت کے حوالے سے خاصہ ‏تجربہ رکھتے ہیں، اسی بنا پر ان کی ماہرانہ رائے اور تجربے کو بروئےکار لانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔