امریکا نے کشمیری تنظیم حزب المجاہدین کو دہشت گرد قرار دے دیا

امریکا نے کشمیری تنظیم حزب المجاہدین کو دہشت گرد قرار دے دیا

واشنگٹن :امریکا نے  ایک بار پھر بھارت کی بات مانتے ہوئے کشمیری تنظیم حزب المجاہدین پر پابندی عائد کر دی۔امریکی حکام نے کشمیری تنظیم حزب المجاہدین کو دہشت گرد تنظیم قرار دے کر اس پر پابندی عائد کرنے کی منظوری دے دی ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق ’حزب المجاہدین کو غیر ملکی دہشت گرد تنظیم قرار دے کر امریکی عوام اور عالمی برادری کو یہ بتانا ہے کہ یہ ایک دہشت گرد گروہ ہے۔ اس طرح کے دہشت گردوں اور دہشت گرد گروہوں کے امریکی مالیاتی اداروں کے استعمال پر بھی پابندی عائد ہے۔


اس کے علاوہ ان کے خلاف کارروائی کرنے میں امریکی سیکورٹی ایجنسیوں اور دیگر حکومتوں کی بھی مدد کی جاتی ہے۔‘امریکہ کا کہنا ہے کہ اس طرح حزب المجاہدین پر پابندی لگا کر اسے دہشت گرد حملے کرنے کے لیے فنڈز اکٹھے سے بھی روکا جا سکے گا۔اس پابندی کے تحت امریکہ میں حزب المجاہدین کے اثاثے ضبط کیے جائیں گے اور امریکی شہریوں کے اس تنظیم کے ساتھ کسی قسم کے تعلقات پر بھی پابندی ہو گی۔

اسی سال جون مہینے میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی امریکہ کے سفر کے دوران ہی امریکی حکومت نے حزب المجاہدین کے سربراہ سید صلاح الدین کو بھی عالمی دہشت گرد قرار دیا تھا۔

گذشتہ سال کشمیر میں حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کے مارے جانے کے بعد پاکستان حکومت نے برہان وانی کو شہید قرار دیا تھا۔خیال رہے کہ سید صلاح الدین کی عسکریت پسند تنظیم حزب المجاہدین کئی دہائیوں نے کشمیر میں انڈیا کے خلاف آزادی کی جنگ لڑنے کا دعویٰ کرتی ہے۔امریکی حکام کے مطابق صلاح الدین کی سربراہی میں حزب المجاہدین نے کئی حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں