امریکہ کا حزب المجاہدین کو دہشت گرد تنظیم قرار دینا مایوس کن ہے، دفتر خارجہ

امریکہ کا حزب المجاہدین کو دہشت گرد تنظیم قرار دینا مایوس کن ہے، دفتر خارجہ

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہم نے واہگہ میں بلند ترین پرچم لہرایا اور انہوں نے پرچم کے ذریعے جاسوسی کے بھارتی الزامات کو مسترد کر دیا۔ پاک بھارت تعلقات میں بنیادی مسئلہ کشمیر کا ہے جسے بات چیت کے ذریعے حل کرنا ہو گا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ اتحادی سپورٹ فنڈ امریکی امداد نہیں بلکہ انسداد دہشت گردی کی جنگ کے اخراجات کی ادائیگیاں ہیں۔ انہوں نے امریکہ کی جانب سے حزب المجاہدین کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کو مایوس کن قرار دیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایران اور پی فائیو پلس ون ایٹمی معاہدے کے معاملے کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے پر زور دیتا ہے۔ کوئٹہ دہشتگردی میں بھارت کے ملوث ہونے سے متعلق ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا لیکن یہ حقیقت ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی اور تخریب کاری میں ملوث ہے۔

انہوں نے کہا کلبھوشن یادیو نے اعترافی بیان میں بھارت کے بلوچستان لبریشن آرمی سے روابط کا اعتراف کیا اور بھارت کی پاکستان میں دہشتگردانہ کاروائیوں پر اقوام متحدہ میں ڈوزئیر جمع کروا دیا ہے جبکہ ہر فورم پر معاملہ اٹھایا۔ ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا نیپال میں مغوی لیفٹننٹ کرنل (ر) حبیب ظاہر کو بھارت کے لے جانے کے شواہد ملے تھے اور بھارت کی جانب سے ان کی بازیابی کے حوالے سے مثبت جواب نہیں ملا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں