سابق وزیر داخلہ چودھری نثار پارٹی سے پھر ناراض ہو گئے

سابق وزیر داخلہ چودھری نثار پارٹی سے پھر ناراض ہو گئے

اسلام آباد: سابق وزیر داخلہ چودھری نثارپارٹی سے پھر ناراض ہو گئے۔ چودھری نثار  سردار یعقوب ناصر کو قائم مقام پارٹی صدر منتخب کرنے کے لیے مسلم لیگ ن کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں ایک بار پھر شکوے کرتے نظر آئے۔

مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس سے متعلق چودھری نثار نے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا فیصلہ لاہور میں بیٹھ کر کرنا تھا تو اجلاس کی کیا ضرورت تھی۔ انہوں نے اجلاس سے قبل قائم مقام صدر کے نام کا اعلان کرنے پر بھی شکوہ کیا کہ مرکزی مجلس عاملہ کیا صرف نام کی توثیق کے لیے بلائی گئی تھی۔

یاد رہے مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں ہوا جس کے دوران پارٹی کے قائم مقام صدر کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔ مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین راجا ظفر الحق نے قائم مقام صدر کے لئے سردار یعقوب ناصر کا نام پیش کیا جس کی متفقہ طور پر منظوری دی گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق جب تک پارٹی کے انتخابات نہیں ہو جاتے اس وقت تک سینیٹر سردار یعقوب ناصر پارٹی کے قائم مقام صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے رہیں گے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں