امریکی شہریوں کو ایران کے سفر سے گریز کرنے کی ہدایت

امریکی شہریوں کو ایران کے سفر سے گریز کرنے کی ہدایت

واشنگٹن:امریکا اور ایران کے درمیان تازہ کشیدگی کے بعد امریکی وزارت خارجہ نے شہریوں کو ایران کے سفر میں احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔


تفصیلات کے مطابق بدھ کو جاری کردہ ایک انتباہی بیان میں امریکی وزارت خارجہ نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ ایران کے سفر سے گریز کریں۔یہ وارننگ ایک ایسے وقت میں جاری کی گئی ہے دونوں ملکوں کے درمیان حالیہ ایام میں کشیدگی سامنے آئی ہے۔ امریکا کی طرف سے ایران پر نئی اقتصادی پابندیوں کے بعد تہران نے سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے۔

ایک طرف ایرانی صدر حسن روحانی نے دھمکی دی ہے کہ اگر امریکا نے مزید اقتصادی پابندیاں عاید کی تو وہ جوہری پروگرام پر عالمی طاقتوں کے ساتھ کیا معاہدہ توڑ دیں گے تو دوسری جانب امریکا نے ایران کے میزائل پروگرام کو عالمی اور علاقائی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا ہے ۔اس حوالے سے امریکی شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ایران کے سفر میں احتیاط سے کام لیں۔

اس کے ساتھ ساتھ امریکیوں کو حالات حاضرہ سے با خبر رہنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ ایران میں قیام کے خطرات کو مد نظر رکھیں۔