تحریک انصاف نے ابتدائی 100 دنوں کی حکمت عملی تشکیل دیدی

تحریک انصاف نے ابتدائی 100 دنوں کی حکمت عملی تشکیل دیدی
کیپشن: فوٹو اے پی پی

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین اور متوقع وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس کے دوران پارٹی نے آئندہ 100 دنوں کیلیے لائحہ عمل کوحتمی شکل دے دی۔

تفصیلات  کے مطابق کہ اجلاس میں شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین سمیت پارٹی کے دیگر رہنماؤں جبکہ سابق چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ارباب شہزاد نے اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔تحریک انصاف نے حکومت سازی بارے اہم امور کے حوالے سے مشاورت کی اور ابتدائی100 دنوں کے لیے وفاقی و صوبائی اداروں کے سربراہان کی تبدیلی کی فہرستیں بھی تیار کرلی گئیں،وفاقی و صوبائی اداروں کے سربراہان کی تبدیلی کی سفارشات ارباب شہزاد نے مرتب کیں جنہیں منظور کرلیا گیا۔اجلاس کے دوران وفاقی سیکرٹریز کے تبادلوں کی بھی فہرستیں تیار کی گئیں جبکہ سیاسی بنیادوں پر اعلیٰ عہدوں پر تعینات افسران کو بھی تبدیل کیا جائےگا جبکہ حکومت سنبھالتے ہی تحریک انصاف کی جانب سے چیئرمین ایف بی آر، نیپرا، ریلوے، پی آئی اے سمیت کئی اداروں کے سربراہان کی تبدیلی کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔تحریک انصاف کی نئی آنے والی حکومت میں سرکاری اداروں میں متعلقہ شعبے کے ماہرین کو تعینات کیا جائے گا اور نئی تعیناتیاں 100 دن کیلیے ہوں گی۔ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ100 دن بعد ان افسران کی کارکردگی جانچی جائے گی۔

خیال رہے کہ انتخابات میں کامیابی سے قبل تحریک انصاف نے کومت میں آنے کی صورت میں 100 دن کے پلان کا اعلان کیا تھا۔تحریک انصاف کی جانب سے جاری کردہ 100 روزہ ایجنڈے کے مطابق حکومت میں آنے کے بعد اصلاحات لائی جائیں گی، فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کریں گے، بلوچستان میں ناراض لوگوں کو منا کر قومی دھارے میں لائیں گے۔جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانا،کراچی کو ترقی دینا اور کراچی کے اداروں کو سیاست سے پاک کرتے ہوئے امن و عامہ اور سیکیورٹی معاملات کو بہتر کر کے بھتے اور لینڈ مافیا کے خلاف کارروائی کرنا ایجنڈے کا حصہ ہے۔تحریک انصاف کے مجوزہ پلان میں نوجوانوں کے لیے ایک کروڑ نئی نوکریاں پیدا کرنا اور حکومتی اخراجات کو کم کرتے ہوئے آمدن بڑھانا بھی شامل ہے۔