عمران خان کو باآسانی ووٹوں کی مطلوبہ تعداد ملنے کا امکان

عمران خان کو باآسانی ووٹوں کی مطلوبہ تعداد ملنے کا امکان
کیپشن: شیخ رشید کو بھی پورا یقین ہے کہ وزیراعظم کی شیروانی عمران خان ہی پہنیں گے۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: ملک کی نومنتخب قومی اسمبلی پاکستان کے اکیسویں وزیراعظم کا انتخاب آج کریگی۔ انتخاب سے پہلے اپوزیشن کے اختلاف نے تحریک انصاف کے لیے راستہ صاف کر دیا۔

ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری نے 180 سے زائد ووٹ کے ساتھ پہلے راؤنڈ میں ہی عمران خان کے وزیراعظم منتخب ہونے کا دعویٰ کیا تو عوامی مسلم لیگ کے شیخ رشید کو بھی پورا یقین ہے کہ وزیراعظم کی شیروانی عمران خان ہی پہنیں گے۔

قائد ایوان کے لیے ن لیگ کے امیدوار شہباز شریف پیپلزپارٹی کے ووٹوں سے محروم ہو گئے۔ جے یو آئی کے مولانا فضل الرحمٰن کی اسلام آباد آصف علی زرداری کومنانے کی کوششیں بھی بےنتیجہ رہیں جبکہ رہنما مسلم لیگ ن سعد رفیق نے صورتحال کو پیپلز پارٹی کی مجبوری قرار دے دیا۔

جماعت اسلامی نے بھی وزارت عظمٰی کے کسی بھی امیدوار کو ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے اور مؤقف اختیار کیا ہے کہ ”احتساب سب کا“اور کرپشن فری پاکستان مہم جاری رہے گی۔