منی لانڈرنگ کیس، آصف زرداری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

منی لانڈرنگ کیس، آصف زرداری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
کیپشن: جعلی بینک اکاؤنٹس سے منی لانڈرنگ کے کیس میں آصف زرداری اور فرال تالپور نامزد ہیں۔۔فائل فوٹو

کراچی: بینکنگ کورٹ نے جعلی بینک اکاؤنٹس سے منی لانڈرنگ کے کیس میں سابق صدر آصف زرداری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔

بینکنگ عدالت میں جعلی بینک اکاؤنٹس سے منی لانڈرنگ کے کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں دو ملزمان انور مجید اور عبدالغنی مجید کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے ایف آئی اے کی استدعا پر دونوں ملزمان کو 24 اگست تک جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔

ایف آئی اے کی جانب سے کیس میں کیس میں نامزد 15 مفرور ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا کی۔

عدالت نے ایف آئی اے کی استدعا منظور کرتے ہوئے سابق صدر آصف زرداری سمیت دیگر مفرور ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے جب کہ عدالت نے تمام ملزمان کو 4 ستمبر تک گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔

واضح رہے کہ جعلی بینک اکاؤنٹس سے منی لانڈرنگ کے کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور بھی نامزد ہیں جب کہ نجی بینک کے سربراہ حسین لوائی اور طحہٰ رضا جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔ اس کے علاوہ فریال تالپور سمیت کیس کے 4 ملزمان نے عبوری ضمانت لے رکھی ہے۔ ایف آئی اے نے کیس میں سابق صدر آصف زرداری سمیت 20 ملزمان کو مفرور قرار دیا ہے۔