عمران خان پہلے وزیراعظم ہیں جو عوام کی طاقت سے بن کر آئے ،چودھری شجاعت حسین

عمران خان پہلے وزیراعظم ہیں جو عوام کی طاقت سے بن کر آئے ،چودھری شجاعت حسین

فوٹو فائل

لاہور :  پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ عمران خان پہلے وزیراعظم ہیں جو عوام کی طاقت سے بن کر آئے ہیں اس سے پہلے مجھ سمیت 21 وزیراعظم بنائے جاتے تھے جبکہ ان میں سے دو وزیراعظم میں نے خود اپنے ہاتھ سے بنوائے تھے۔

 

انہوں نے عمران خان کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان 22 سال ایک مقصد اور ایک سوچ کے ساتھ محنت کر کے وزیراعظم منتخب ہوئے ہیں جبکہ اس سے پہلے کوئی بھی ایسے وزیراعظم نہیں تھے جو عملی طور پر تگ و دو کر کے اس منصب پر پہنچے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو چاہئے کہ ان کے عوام کی خدمت کرنے کے جذبہ کی قدر کریں اور پاکستان کے دنیا میں وقار اور تباہ شدہ معیشت کی بحالی کا انہوں نے جو عزم کیا ہے اس میں ان کا ساتھ دیں، ان کے ساتھ چلیں اور مدد کریں، اپنے اختلافات کو بھول جائیں تاکہ عمران خان اپنے 22 سالہ مقصد کو پورا کر سکیں۔

 

چودھری شجاعت حسین نے مزید کہا کہ میں عمران خان کا مشکور ہوں کہ انہوں نے ہم پر جو اعتماد کیا اور چودھری پرویزالٰہی کو اسپیکر پنجاب اسمبلی کے عہدہ کیلئے نامزد کیا جو بھاری اکثریت سے منتخب ہوئے، ہم انشاء اللہ ان کی توقعات پر پورا اتریں گے۔